جموںوکشمیر میں رئیل اسٹیٹ کی ترقی ویژن 2024ء کا پیش خیمہ

جموں// جموں و کشمیر میں رئیل ا سٹیٹ سیکٹر کو تقویت دینے کے مقصد سے ایک اہم پیش رفت میںسول سیکرٹریٹ جموں میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ طلب کی گئی۔میٹنگ کی مشترکہ صدارت کمشنر سیکرٹری مکانات و شہری ترقی مندیپ کور اور کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت وکرم جیت سنگھ نے کی ۔اِس شرکت میں نیشنل رئیل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ کونسل (این اے آر اِی ڈی سی او) کا ایک وفد بھی شامل تھا جو خطے کی رئیل اسٹیٹ کی ترقی کے لئے مشترکہ کوششوں کی نشاندہی کرتا ہے۔میٹنگ کی بنیادی توجہ رئیل اسٹیٹ سمٹ 1.0 کے اہم نتائج کا ازسرنو جائزہ لینا ، اس کے اقدامات کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینا اور آگے بڑھنے کے لئے ان کو مؤثر طریقے سے متحرک کرنے کے بارے میں حکمت عملی تیار کرنا تھا۔ یہ نقطہ نظر نہ صرف خطے میں رئیل اسٹیٹ بنیادی ڈھانچے کو بڑھانے بلکہ دیرپاشہری ترقی کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔تبادلہ خیال میں جموں و کشمیر کی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ کی منفرد صلاحیت سے فائدہ اُٹھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا تاکہ اُسے قومی اور بین الاقوامی سطح پر سرمایہ کاروں کے لئے زیادہ قابل رَسائی اور پُرکشش بنایا جاسکے۔میٹنگ میں ریگولیٹری عمل کو آسان بنانے، شفافیت بڑھانے اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کی عمل آوری سمیت شعبے میں ترقی کو فروغ دینے کے مختلف طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔مندیپ کور اور وِکرم جیت سنگھ نے جموں و کشمیر کو رئیل اسٹیٹ اور صنعتی مرکز میں تبدیل کرنے کے حکومت کے ویژن پر روشنی ڈالی جو خطے کی معیشت میں اہم کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اُنہوں نے اس ویژن کو عملی جامہ پہنانے کے لئے این اے آر اِی دی سی اوجیسے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔میٹنگ ایک قرارداد کے ساتھ اِختتام پذیر ہوئی جس میںترقی پسند پالیسیوں اور ریگولیٹری فریم ورک میں ضروری تبدیلیوں کو سامنے لانے کے لئے زیر بحث حکمت عملیوں کی عمل آوری کے لئے فعال اَقدامات کئے جائیں۔اِس کے علاوہ میٹنگ میں رئیل اسٹیٹ سمٹ 2.0 کے اِنعقاد کے روڈ میپ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔