ارینا میں مسافر بردار گاڑی کو حادثہ پیش آیا 16مسافر زخمی ، دو کی حالت تشویشناک

جموں//جموں وکشمیر کے آر ایس پورہ ارینا میں ایک مسافر بردار گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 16مسافر زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔اطلاعات کے مطابق منگل کے روز جموں کے ارینا میں کلشیتر کے مقام پر ایک گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر سڑک پر الٹ گئی جس کے نتیجے میں 16مسافر شدید طورپر زخمی ہوئے۔معلوم ہوا ہے کہ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ اور پولیس اہلکار جائے موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا جہاں سے دو کو تشویشناک حالت میں جموں میڈیکل کالج ریفر کیا گیا ہے۔چیف میڈیکل آفیسر سردار ہر بھگت سنگھ نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ آر ایس پورہ میں منگل کی صبح مسافر بردار گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں سولہ مسافر زخمی ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ دو زخمیوں کو مزید علاج ومعالجہ کی خاطر جی ایم سی جموں منتقل کیا گیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ فی الحال اس حادثے میں کسی کے ہلاک ہونے کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔دریں اثنا پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔