سری نگر جموں شاہراہ پر تین مشتبہ افراد گاڑی سمیت غائب، بڑے پیمانے پر تلاش شروع

جموں//سری نگر جموں قومی شاہراہ پر منگل کے روز تین مشتبہ افراد گاڑی میں سوار ہو کر جموں کی طرف روانہ ہوئے تاہم ابھی تک اس گاڑی کا کئی پر اتہ پتہ نہیں چل سکا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ جموں میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ منگل کے رو ز سر ی نگر جموں شاہراہ پر تین مشتبہ افراد ٹویرا گاڑی میں زبردستی سوار ہو کر جموں کی طرف روانہ ہوئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ناشری ٹنل عبور کرنے کے بعد گاڑی کا کئی پر اتہ پتہ نہیں چل سکا جس کے بعدسری نگر جموں شاہراہ اور صوبہ جموں میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے سری نگر جموں شاہراہ پر جگہ جگہ ناکوں کا جال بچھایا ہے جہاں پر گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں۔یوم جمہوریہ کے پیش نظر جموں وکشمیر میں پچھلے ایک ہفتے سے سیکورٹی ایجنسیاں ہائی الرٹ پرہیں۔سری نگر جموں شاہراہ پر تین مشتبہ افراد کی جانب سے گاڑی میں زبردستی سوار ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے تلاشی آپریشن شروع کیا ہے۔دریں اثنا یوم جمہوریہ کے پیش نظر جموں وکشمیر کے قرب و جوار بالخصوص حساس اضلاع میں سیکورٹی بندوبست کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔جموں نگروٹہ شاہراہ کو سیکورٹی فورسز نے پوری طرح سے سیل کیا ہے اور پنجاب سے آنے والی گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی کے بعد ہی انہیں آگے جانے کی اجازت دی جارہی ہیں۔کشمیر میں جہاں ناکوں کے جال کو مزید توسیع دی گئی ہے وہیں حساس مقامات پر سیکورٹی کی نفری میں بھی اضافہ کیا گیا ہے اور انہیں مزید چوکنا بھی رکھا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق سری نگرسمیت وادی کے باقی اضلاع میں سیکورٹی بندوبست کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ بعض مقامات پر سیکورٹی فورسز اہلکار سکوٹر سواروں کو روک کر ان کے بیگوں کی تلاشی لے رہے تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ شہر سری نگر میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے لوگوں پر نظر گزر رکھی جارہی ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لا کر راہگیروں اور گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یوم جمہوریہ کے پیش نظر گرمائی راجدھانی سری نگر میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ جگہ جگہ اضافی اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی جو راہگیروں اور مسافروں کی باریک بینی سے تلاشی لے رہے ہیں۔ذرائع نے مزید بتایا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو ٹالنے کی خاطر رات کے دوران فورسز کا گشت بھی بڑھایا گیا ہے۔