مسلح افواج کی تقویت اور افواج کا بہبود حکومت کا عزم:راجناتھ

لکھنؤ:// وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ان کی حکومت مسلح افواج کی مضبوطی اور خدمات انجام دینے والے افوان کے ساتھ ہی سابق افواج کے بہبود کے لئے پوری طرح کمر بستہ ہے۔لکھنؤ میں 76ویں یوم فوج پر وزیر دفاع نے کہا کہ آرمی، نیوی اور ائیر فورس ڈے کو دہلی کے باہر بنانے کی سوچ ملک کی روایت اور فوجی پیش رفت کو لوگوں تک لے جانا ہے۔ ہماری فوج نئے ایجادات کے ذریعے مثبت تبدیلی لانے کے ساتھ ساتھ روایت پر بھی توجہ مرکوز کرتی ہے۔مسلح افواج کو مضبوط بنانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزارت خزانہ بغیر کسی ہچکچاہٹ کے وزارت دفاع کی طرف سے مانگے گئے فنڈز جاری کرتی ہے جو کہ فوجیوں کے تئیں حکومت کی لگن کی علامت ہے۔حکومت نہ صرف حاضر سروس فوجیوں بلکہ ریٹائرڈ فوجیوں کی بہبود کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ فوجیوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے جس میں ‘ون رینک ون پنشن’ اسکیم، صحت کی دیکھ بھال اور دوبارہ روزگار کے مواقع فراہم کرنا شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی میں سابق فوجیوں کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا اور ان کا احترام کرنا عوام کی اخلاقی اور قومی ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر سنگھ نے پہلے دن کا پوسٹل کور بھی لانچ کیا۔لکھنؤ چھاؤنی میں آج 76ویں آرمی ڈے کی تقریبات کے ایک حصے کے طور پر ایک فوجی اور جنگی نمائش ‘شوریہ سندھیا’ کا اہتمام کیا گیا۔ اس پروگرام میں وزیر دفاع کے علاوہ چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انل چوہان، آرمی چیف آف اسٹاف جنرل منوج پانڈے سمیت کئی معززین نے شرکت کی۔وزیر دفاع نے حب الوطنی، ہمت، انسانیت اور ہندوستانی آئین کے تئیں وفاداری کو ایک سپاہی کی چار سب سے اہم خصوصیات قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ مادر وطن کی حفاظت کرنے والا سپاہی ایک مثالی محب وطن ہے۔ یہ حب الوطنی سپاہی کو ہمت دیتی ہے۔ملک اب دیکھ رہا ہے کہ کس طرح ہماری افواج کو ڈرونز اور مصنوعی ذہانت سے چلنے والے جدید ہتھیاروں/ٹیکنالوجیز سے مسلسل لیس کیا جا رہا ہے اور ساتھ ہی مسلح افواج میں خواتین کا کردار بھی بڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو فوج میں بھرتی ہونے کا موقع نہیں ملتالیکن جن لوگوں نے آج کا پروگرام دیکھا وہ ملک کی حفاظت کے لیے ہماری فوج کی تیاری کا تجربہ کر سکتے ہیں۔ اس سے لوگ ہمارے فوجیوں کے قریب آگئے ہیں۔ یہ یقینی طور پر ہمارے نوجوانوں کو مسلح افواج میں شامل ہونے یا ہمارے فوجیوں کی طرح لگن اور عزم کے ساتھ ملک کی خدمت کرنے کی ترغیب دے گا۔