مرکز کو مفتی سعید کے نقش پا پر چل کر علیحدگی پسندوں سے نمٹنا چاہئے:محبوبہ مفتی

ANANTNAG, JAN 7 (UNI):- PDP Chief Mehbooba Mufti addressing the function at paying tributes to PDP founder and former chief minister Jammu and Kashmir Mufti Mohammad Syed on his 8th death anniversary at Bijbehara, in Anantnag on Sunday. UNI PHOTO-21U

اُڑان نیوز
بجبہاڑہ//پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اتوار کے روز کہا کہ مرکز شمال مشرقی ریاستوں میں ملی ٹنٹوں کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے لیکن جموں وکشمیر میں عام لوگوں کے ساتھ بھی ملی ٹینٹوں جیسا سلوک روا رکھا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا: ‘ہم سرنڈر نہیں کریں گے ہم سفید جھنڈا نہیں لہراییں گے اگر ہمارے ساتھ وقار سے بات کی جائے گی ہم اس کا جواب عزت سے دیں گے تاہم اگر آپ ہمارے ساتھ بندوق سے بات کریں گے جیسا کہ بفلیاز میں کیا گیا تو اس سے کام نہیں چلے گا’۔موصوفہ نے ان باتوں کا اظہار اتوار کو بجبہاڑہ میں اپنے والد اور وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید کی آٹھویں برسی کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ شمال مشرق ریاستوں میں سرگرم ملی ٹینٹوں کے ساتھ مرکز بات چیت کر رہی ہے لیکن جموں وکشمیر میں عام لوگوں کو ملی ٹینٹ جتلا کر انہیں مارا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ جموں وکشمیر میں نوجوانوں کی اندھا دھند گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں ، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ ، این آئی اے اور ایس آئی اے کی جانب سے چھاپہ ماری جاری ہے۔سابق وزیر اعلیٰ نے کہاکہ مرکز کو مرحوم مفتی محمد سعید کے نقش پا پر چل کر علیحدگی پسندوں سے نمٹنا چاہئے۔ان کے مطابق طاقت کے بل بوتے پر آج تک قوموں کو فتح نہیں کیا گیا بلکہ مسائل کے حل کی خاطر بات چیت ناگزیر ہے۔محبوبہ مفتی نے کہاکہ مرحوم وزیر اعلیٰ نے لوگوں کے دل جوڑنے کی کوشش کی ، علیحدگی پسندوں کو بھی صحیح راستہ دکھایا تاکہ وہ ملک کے اندر عزت و وقار کے ساتھ اپنی زندگی گزار سکیں۔انہوں نے کہاکہ مرحوم مفتی محمد سعید نے ہمیشہ امن و امان کی بات کی۔تقریب سے خطاب کے دوران سابق نائب وزیر اعلیٰ مظفر حسین بیگ نے کہاکہ مفتی محمد سعید ایسی شخصیت تھے جنہوں نے ہیلنگ ٹچ کی پالیسی کے بارے میں بات کی۔انہوں نے کہاکہ مرحوم مفتی محمد سعید ہندوستان کے پہلے مسلم وزیر داخلہ تھے اور آج تک ملک کے کسی دوسرے مسلمان کو وزیر داخلہ نہیں بنایا گیا۔بیگ نے مزید بتایا کہ مفتی محمد سعید نے جموں وکشمیر میں قیام امن کی خاطر ہمیشہ اپنے آپ کو وقف رکھا۔