بارہمولہ میں ریٹائرڈ ایس ایس پی مشتبہ ملی ٹینٹوں کے حملے میں جاں بحق

سری نگر//جموں وکشمیر کے شمالی ضلع بارہمولہ کے شیری علاقے میں اتوار مشتبہ ملی ٹینٹوں نے مسجد میں ایک سابق ایس ایس پی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اس کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی۔پولیس نے بتایا کہ ملی ٹنٹوں نے بارہمولہ کے پیٹھہ گانٹمولہ علاقے میں اتوار کی صبح سابق پولیس افسر محمد شفیع میر پر فائرنگ کی جب وہ مسجد میں اذان دے رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ گرچہ مذکورہ افسر کو فوری طور نزدیکی ہیلتھ سینٹر منتقل کیا گیا لیکن وہاں موجود ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دیا۔کشمیر زون پولیس نے سماجی رابطہ گاہ ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا: ‘اتوار کی علی الصبح دہشت گردوں نے نماز فجر کی اذان دے رہے سابق پولیس آفیسر محمد شفیع پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوا ہے۔‘‘انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مہلوک پولیس افسر سال 2012 میں ملازمت سے سبکدوشی کے بعد اپنے آبائی گائوں پیٹھہ گانٹمولہ میں رہائش پذیر تھا۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ایک ایسے علاقے میں پیش آیا ہے جہاں ملی ٹنسی کے عروج کے دنوں کے دوران بھی کوئی تشدد نہیں دیکھا گیا تھا۔ایک مقامی باشندے نے کہا: ‘اس علاقے میں ہمیشہ امن قائم تھا اور پولیس افسر کی ہلاکت سے یہاں ہر کوئی شدید صدمے میں ہے’۔دریں اثنا پولیس افسر کی ہلاکت کی وسیع پیمانے پر مذمت کی جا رہی ہے۔ڈیموکریٹک پروگریسیو آزاد پارٹی کے چیئر مین غلام نبی آزاد نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا: ‘میں جموں وکشمیر میں بڑھتے ہوئے دہشت گردانہ واقعات پر پریشان ہوں’۔انہوں نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘حکومت کو چاہئے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف کریک ڈائون کرنے اور تمام شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے فیصلہ کن اقدام کرے’۔جموں وکشمیر اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری نے کہا کہ یہ بزدلانہ کارروائی قاتلوں کے اصلی رنگ کو دکھاتی ہے کیونکہ مقتول کو نماز کی اذان دیتے ہوئے گولی مار دی گئی۔انہوں نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘ان لوگوں پر شرم آتی ہے جو اب بھی محسوس کرتے ہیں کہ قاتل جہاد کر رہے ہیں، قاتل قاتل ہوتے ہیں خواہ ان کا تعلق کسی بھی عقیدے سے ہو’۔ان کا کہنا تھا: ‘ہمیں بحیثیت معاشرہ ایسے قتل کے خلاف اٹھنے کی ضرورت ہے’۔بی جے پی جموں وکشمیر یونٹ کے ترجمان الطاف ٹھاکر نے کہا: ‘گانٹمولہ بارہمولہ میں 72 سالہ پولیس افسر کی ہلاکت کی بزدلانہ حرکت ایسے لوگوں کی ہے جن کا کوئی مذہب نہیں ہے’۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا: ‘شیطان کی اولاد اذان بھی برداشت نہیں کرسکتے ہیں ریٹائرڈ ایس ایس پی محمد شفیع مسجد میں اذان دیتے ہوئے جاں بحق ہوگئے’۔ان کا کہنا تھا: ‘دہشت گردی اوردہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا ہے’۔یو این آئی