کمپنی فراڈ معاملہ: کمپنی کے خلاف قانونی کارروائی کرکے لوگوں کو پیسہ واپس دلایا جائے گا:صوبائی کمشنر کشمیر

سری نگر//صوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری کا کہنا ہے کہ پیسہ دوگنا کرنے کے وعدے پر لوگوں کو دھوکہ دینے والی کپمنی کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں فوری قانونی کارروائی عمل میں لا کر لوگوں کو پیسہ واپس دلانے کی کوشش کی جائے گی۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اسی کمپنیوں سے خبر دار رہیں۔بتادیں کہ منگل کے روز سری نگر کے کرنگر علاقے میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے ’’کریٹوسروے پرائیوٹ لمیٹیڈ ‘‘ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے اور الزام لگایا کہ کمپنی نے لوگوں کو 60 کروڑ روپیہ کا چونا لگا کر فرار کی راہ اختیار کی۔انہوں نے الزام لگایا کہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے دو یوٹیوبرز نے کمپنی کا پرچار کیا جس کے نتیجے میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد کو کروڑوں کا چونا لگ گیا۔موصوف صوبائی کمشنر نے بدھ کے روز اس سلسلے میں پوچھے جانے پر کہا: ‘کل جو یہ معاملہ سامنے آیا، ایجنسیاں اس پر کام کر رہی ہیں اور اس ضمن میں تکنیکی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں’۔انہوں نے کہا: ‘یہ معاملہ ہمارے لئے چشم کشا ہے اس سلسلے میں تحقیقات چل رہی ہیں ہماری کوشش ہے کہ قانونی کارروائی کرکے لوگوں کو اپنا پیسہ واپس دلائیں’۔مسٹر بدھوری نے کہا کہ لوگوں کو ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ ایسے لوگ پیسہ اینٹھنے کے نئے نئے طریقے نکال رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس کیس کے تمام پہلوئوں کا دیکھا جا رہا ہے۔یواین آئی۔