سرکار چوبیس گھنٹے بجلی فراہم کرنے کی وعدہ بند ہر گھر سمارٹ میٹر ز نصب ہوں گے

جموںوکشمیر میں کٹوتی شیڈول پر من وعن عمل کیاجائے :راجیش پرساد
اُڑان نیوز
ڈوڈہ//محکمہ برقیات کے پرنسپل سیکریٹری راجیش پرساد نے منگل کے روز کہاکہ بجلی کے کٹوتی شیڈل پر من وعن عمل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ امسال بجلی کی فراہمی میں قدرے بہتری واقع ہوئی ہے اور ہر گھر میں سمارٹ میٹرکو نصب کیا جائے گا۔پرنسپل سیکریٹری کے مطابق مرکزی وزارت بجلی نے اضافی بجلی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے ڈوڈہ میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو چوبیس گھنٹے بجلی فراہم کرنے کے وعدئے پر سرکار کاربند ہے اور اس حوالے سے زمینی سطح پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔محکمہ بجلی کے پرنسپل سیکریٹری راجیش پرساد نے کہاکہ گزشتہ سال کے مقابلے میں امسال بجلی سپلائی میں بہتری واقع ہوئی ہے۔ان کے مطابق اس وقت کشمیر صوبے میں 1665میگاواٹ اور جموں صوبے میں 1150میگاواٹ بجلی درکار ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ نے کٹوتی شیڈول مشتہر کیا جس پر سختی کے ساتھ عملدرآمد کرانے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔پرنسپل سیکریٹری نے بتایا کہ اضافی بجلی خریدنے کی خاطر سرکار نے پاور کمپنیوں کے ساتھ بات کی ہے جبکہ منگل کی صبح ہی مرکزی وزارت بجلی کے سیکریٹری کے ساتھ اس معاملے پر گفت و شنید کی۔انہوں نے بتایا کہ مرکزی وزارت بجلی کے سیکریٹری نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اضافی بجلی فراہم کی جائے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں پہلے بجلی فراہم کی جاتی اور بعد ازاں کمپنیوں کو پیسے دئے جاتے تھے لیکن آج کمپنیوں کو ایڈوانس میں ہی پیسے دینے پڑتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر حکومت کو 31ہزار کروڑ روپیہ بجلی کے بقایا ہے۔راجیش پرساد نے صارفین سے اپیل کی کہ وہ وقت مقررہ کے اندر اندر بجلی فیس ادا کریں تاکہ کمپنیوں سے اضافی بجلی خریدنے کی خاطر انہیں ایڈوانس میں ہی پیسے واگزار کرنے میں کوئی مشکل پیش نہ آئے۔انہوں نے کہا :’جموں وکشمیر میں خراب ترسیلی نظام کی وجہ سے پچاس فیصد بجلی ضائع ہو رہی ہیں۔‘‘پرنسپل سیکریٹری نے سمارٹ میٹرز کے بارے میں بتایا کہ ہر جگہ میٹرز نصب کئے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ سمارٹ میٹر ز کے ذریعے صارفین کو یہ سہولیت مل رہی ہیں کہ وہ از خود مشاہدہ کرسکتے ہیں کہ انہوں نے کتنی بجلی صرف کی ہے۔