بارہمولہ اور کولگام اضلاع میں الگ الگ کارروائیوں کے دوران 2 منشیات فروش گرفتار،نشہ آور مواد بر آمد:پولیس

سری نگر// منشیات کے خلاف جنگ کو جای رکھتے ہوئے جموں وکشمیر پولیس نے بارہمولہ اور کولگام اضلاع میں الگ الگ کارروائیوں کے دوران دو منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے نشہ آور مواد بر آمد کیا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ باباریشی پولیس پوسٹ کی ایک ٹیم نے باباریشی کراسنگ پر ناکہ کے دوران ایک شخص کو روکا۔انہوں نے بتایا کہ کہ تلاشی کے دوران مذکورہ شخص کی تحویل سے 28 گرام چرس جیسا مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد اس کو گرفتار کرکے پولیس اسٹیشن ٹنگمرگ منتقل کیا گیا۔بیان میں گرفتار شدہ کی شناخت محمد اظہر خان ولد طارق احمد خان ساکن قاضی پورہ ٹنگمرگ کے بطور کی ہے۔پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔قابل ذکر ہے کہ منشیات کی وبا کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے بارہمولہ پولیس نے سال رواں کے پہلے 10 مہینوں کے دوران 242 مقدمے درج کرکے 425 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے جبکہ منشیات کے کاروبار سے حاصل کی گئی کروڑوں روپیے مالیت کی جائیدادوں کو ضبط بھی کیا ہے۔اسی نوعیت کی ایک اور کارروائی کے دوران کولگام پولیس نے ایک بدنام زمامہ منیشات فروش کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے نشہ آور ادویات بر آمد کی ہیں۔کولگام پولیس نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ کے ذریعے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا کہ کولگام پولیس نے ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے کوڈین فاسفیٹ جیسے 9 ممنوعہ بوتلیں بر آمد کیں۔پوسٹ میں منشیات فروش کی شناخت سبزار احمد بٹ ساکن تاری گام کے بطور کی گئی۔پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن کولگام میں این ڈی پی ایس کے متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئیں۔