جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں منشیات فروشوں کی جائیدادیں قرق:پولیس

پونچھ//منشیات کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے جموں و کشمیر پولیس نے بدھ کے روز پونچھ میں منشیات فروشوں کی جائیدادوں کو منسلک کر دیا۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پونچھ پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے محمود حسین، جاوید اقبال اور ظفر اقبال پسران طالب حسین ساکن دیری دبسی حال کوٹین مینڈھر نامی منشیات فروشوں کے ایک دو منزلہ رہائشی مکان اور گاڑیوں کو ضبط کیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے یہ کارروائی این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات کے تحت انجام دیں۔بیان میں کہا گیا: ‘پونچھ پولیس کی طرف کی گئی تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ مذکورہ مکان اور گاڑیاں غیر قانونی طور پر حاصل کی گئی ہیں اور مالکان نے یہ جائیداد نشہ آور ادویات اور سائیکو ٹراپک مواد کی غیر قانونی اسمگلنگ کرنے سے حاصل کی ہیں’۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ منشیات فروش کئی مقدموں میں ملوث ہیں۔بیان کے مطابق مقامی لوگوں نے پولیس کی اس کارروائی کی سراہنا کی ہے۔