کشتواڑ میں’پی آئی اے‘ طیارے کی شکل کا پاکستانی غبارہ برآمد

کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے دچھن علاقے میں جمعے کو پولیس نے ایک جہا ز نما غبارے کو برآمد کیا جس پر (پی آئی اے)لکھا ہوا تھا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ دچھن کے پرنگس علاقے میں مقامی لوگوں نے ایک جہاز نماز غبارہ ، جس پر (پی آئی اے) لکھا تھا،دیکھ کر پولیس کو مطلع کیا۔انہوں نے بتایا کہ پولیس کی ایک ٹیم فوری طورپر جائے موقع پر پہنچی اور انہوں نے اس غبارے کو تحویل میں لے لیا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ بادی النظر میں یہ غبارے سرحد پار سے ہوا میں اُڑائے گئے ہوں گے جویہاں علاقہ میں آگرے ہیں تاہم پولیس ہر زاویہ سے معاملہ کی چھان بین کر رہی ہے۔واضح رہے کہ پاکستانی غبارے برآمد ہونے کے اکثر واقعات جموں کے سرحدی علاقوں میں رونما ہوتے ہیں جبکہ ضلع کشتواڑ میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقع ہے۔