سری نگر// منشیات کی وبا کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے بارہمولہ پولیس نے سال رواں کے پہلے 10 مہینوں کے دوران 242 مقدمے درج کرکے 425 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے جبکہ منشیات کے کاروبار سے حاصل کی گئی کروڑوں روپیے مالیت کی جائیدادوں کو ضبط بھی کیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں کا شکنجہ کسنے کے نتیجے میں ضلع میں حالیہ مہینوں کے دوران منشیات فروشی سے متعلق مقدموں میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ بارہمولہ پولیس نے ضلع میں سال رواں کے ماہ اکتوبر کے اختتام تک این ڈی پی ایکٹ کے تحت منشیات فروشی سے متعلق 242 کیس درج کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ مقدموں میں 425 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا جن میں سے 69 انتہائی مطلوب منشیات فروش ہیں جن پرپی ٹی آئی این ڈی پی ایس / پی ایس اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ سال رواں کے دوران اب تک 7 ایسے مقدمے درج کئے گئے جن کے تحت جائیدادوں کو ضبط کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ضبط شدہ جائیدادوں میں 3 مکان، 3 گاڑیاں اور 1.2کروڑ روپیے نقد شامل ہیں۔موصوف ترجمان نے سال رواں کے ماہ اکتوبر کے اختتام تک ضبط شدہ منشیات کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے ضلع کے مختلف علاقوں میں سال رواں کے پہلے 10 مہینوں کے دوران 2.670 کلو برائون شوگر بر آمد کیا جس کی بلیک مارکیٹ میں قمیت3.47 کروڑ روپیے ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دوران ضلع میں 4.527 کلو ہیرائن بر آمد کی گئی جس کی بلیک مارکیٹ میں قیمت 6.33 کروڑ روپیے ہے اسی طرح ضلع میں 11.808 کلو چرس بر آمد کیا گیا جس کی بلیک مارکیٹ میں قیمت 59.04 لاکھ روپیے ہے۔بیان کے مطابق ضلع میں اب تک 198.692کلو فکی بر آمد کی گئی جس کی بلیک مارکیٹ میں قیمت1.29 کروڑ روپیے ہے۔پولیس بیان میں کہا گیا کہ پولیس نے ضلع میں 1.13 کروڑ روپیے نقدی بر آمد کیا جبکہ اس سلسلے میں 31 گاڑیوں کو ضبط بھی کیا گیا۔ترجمان نے بتایا کہ ضبط شدہ منشیات بشمول گاڑیاں اور نقدی کی کل رقم 12 کروڑ 68 لاکھ 4 ہزار روپیے ہے۔بارہمولہ پولیس نے لوگوں سے معاشرے سے منشیات کی بیخ کنی کو یقینی بنانے کے لئے جاری مہم کے لئے بھر پور تعاون فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ یو این آئی