چناب میں ڈی اے پی کلین سویپ کرے گی خطہ میں مزید ملازمتیں اور بڑے پیمانے پر ترقی کا وعدہ : غلام نبی آزاد

اُڑان نیوز نیٹ ورک
ڈوڈہ//پروگریسیو ڈیموکریٹک آزاد پارٹی چیئرمین غلام نبی آزاد نے کہا کہ اُن کی جماعت آئندہ انتخابات میں وادی چناب کے اندر کلین سویپ کرے گی ۔ انہوںنے اس بات کا اعادہ کیا کہ اگر اُن کی پارٹی کو عوام منتخب کر کے اقتدار میں لاتے ہیں تو فلاح و بہبود کے لیے بڑے ترقیاتی منصوبے منظور کئے جائیں گے اور تیزی سے اُنہیںعملی جامہ بھی پہنایاجائے گا۔ آزاد نے کہا یہ اُن دور اقتدار میں ہی تھا کہ وادی چناب کو باقی جموں و کشمیر کے ساتھ منسلک کیا گیا جب انہوں نے سڑک رابطہ قائم کیا اور لوگوں کے لیے اقتصادی مواقع پیدا کیے ۔انہوں نے کہا’’آج جب میں آپ سے بات کرتا ہوں تو میں اعتماد کے ساتھ بات کرتا ہوں کیونکہ میرے پاس گنتی کے بے شمار منصوبے ہیں جو ،میں نے وادی چناب کے لوگوں کے لیے منظور کیے اور اُن پر عمل درآمد کیا۔ کوئی دوسری سیاسی جماعت یا لیڈر آپ سے اس اعتماد کے ساتھ بات نہیں کر سکتا کیونکہ انہوں نے صرف ووٹوں کے لیے لوگوں کا استحصال کیا‘‘۔ ان باتوں کا اظہار موصوف نے ڈوڈہ کے گوہا گاؤں میں ایک تقریب کے دوران پارٹی کارکنوں سے خطاب کیا۔ آزاد نے اپنے کارکنوں سے وعدہ کیا کہ ایک بار جب وہ اقتدار میں آئیں گے تو وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں اور اس پہاڑی علاقے سے کسی کو بھی روزگار کے مقاصد کے لیے ہجرت کرنے پر مجبور نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ’’میرے پاس اس خطے کے لیے کچھ اور پروجیکٹ ہیں اور عوام کی حمایت سے اگر میں اقتدار میں آیا تو میں ان پر فوری کام شروع کر دوں گا‘‘۔پارٹی چیئرمین نے کہا کہ ناقص گورننس اور غلط معاشی پالیسیوں کی وجہ سے خطے کی معاشی صلاحیتوں کو استعمال نہیں کیا جا رہا ہے ۔اُن کی پارٹی کا مقصد لوگوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانا ہے ۔اس کے لیے وہ کام کرتے رہیں گے کیونکہ ڈی پی اے پی کا ایجنڈا عام لوگوں کی مشکلات کو دور کرنا اور ان کے چہروں پر مسکراہٹ واپس لانا ہے۔ آزاد نے کہا کہ یہ صرف ان کی پارٹی ہے جو پورے جموں و کشمیر میں عوامی پروگرام کرتی ہے کیونکہ لوگوں نے اس پر بھروسہ کیا ہے۔ اُنہوں نے کہا’’میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ میں آپ کے چہروں پر وہ مسکراہٹ واپس لاؤں گا جو آپ نے حکمرانی کے خسارے کی وجہ سے کھو دی تھی۔ آپ کی معیشت میں بہتری آئے گی اور کوئی بھی نوکری سے کم نہیں ہوگا کیونکہ ڈی پی اے پی کے اقتدار میں آنے پر ترقیاتی کام دوبارہ ٹرپل شفٹوں میں شروع ہوں گے‘‘۔اس تقریب میں وائس چیئرمین غلام محمد سروڑی، جنرل سیکریٹری عبدالمجید وانی ،انیتا ٹھاکر ، پی آر منہاس زونل صدر، آصف گٹو ضلع صدر، پربھا سلاتھیا خواتین صدر، سنیتا اروڑہ ترجمان، رمیش پریہار، ،پریتم کوتوال ، فاطمہ شکاری، شیخ ظفر اللہ اور جاوید ملک بھی موجود تھے۔