عوامی حکومت کی عدم موجودگی میں تعمیر و ترقی اور روز مرہ کے مسائل و مشکلات کا ازالہ ندارد: عمر عبداللہ

سری نگر//جمہوریت کے فقدان اور عوامی منتخبہ حکومت کی عدم موجودگی کی وجہ سے جموں و کشمیر میں 2019سے ایک خلاء ہے اور یہ خلاءتعمیر و ترقی کے فقدان کیساتھ ساتھ لوگوں کے روز مرہ کے مسائل و مشکلات میں اضافے کا سبب بن رہاہے۔ ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس نائب صدر عمر عبداللہ نے حلقہ انتخاب کپوارہ اور کرناہ کا دورہ سمیٹتے ہوئے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کے ساتھ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔عمر عبداللہ نے اپنے خطاب میں کہاکہ جموں وکشمیر کے عوام گذشتہ 5سال سے اسمبلی انتخابات کا انتظار کر رہے ہیں لیکن ان کا کوئی نام نہیں لیا جا رہا ہے۔ کچھ عرصہ قبل اگرچہ بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات کرانے کی باتیں ہورہی تھیں لیکن اب حکومت نے اس موضوع پر بھی بات کرنا بند کردیاہے۔ان کا کہنا تھا کہ اسمبلی انتخابات، پنچایتی و بلدیاتی چنا? ہوتے نظر نہیں آرہے ہیں لیکن آئندہ برس اپریل مئی میں پارلیمانی انتخابات کا انعقاد طے ہے۔ عمر عبداللہ نے مزید کہا کہ ضلع کپوارہ نیشنل کانفرنس کا قلعہ رہا ہے ،شمالی کشمیر کی پارلیمانی نشست کیلئے پارٹی صلاح مشوروں کے بعد ہی کوئی مضبوط اْمیدوار کھڑا کرے گی اور اس کی کامیابی یقینی بنانے کیلئے ہمیں پوری طرح سے کمربستہ رہنا چاہئے۔انہوں نے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ پارٹی کی مضبوطی کیلئے کام کریں اور ہمیشہ کی طرح لوگوں کے مسائل و مشکلات کا ازالہ کرانے میں پیش پیش رہیں۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ ہمارے سامنے بہت سارے چیلنج ہیں اور اس چیلنجوں سرخرو ہونے کیلئے ضلع کپوارہ کے لوگوں کو اپنا رول نبھانے کیلئے تیار کرنا انتہائی ضروری ہے۔ ہماری اس تاریخی ریاست کو جن چیلنجوںکا سامنا ہے اْن کا گھر میں بیٹھے بیٹھے مقابلہ نہیں کیا جاسکتا، ہمیں گھر گھر جاکر لوگوںکو موجودہ چیلنجوں، نیشنل کانفرنس کی تاریخ اور ایجنڈا سے باخبر کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر اور یہاں کے عوام کے مفادات کے دشمن عیار، شاطر اور ہوشیار ہیں اور ان کا مقابلہ کرنے کیلئے لوگوںکر ہر ایک حربے اور سازش کو سمجھنا ہوگا۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ جموں وکشمیر کا وجود قائم و دائم رکھنے اور یہاں کے لوگوں کو عزت و وقار کیساتھ زندگی گزارنے کیلئے ضروری ہے کہ ہم دشمن کی چالوں کو سمجھیں اور ان کا مقابلہ مل جل کر کریں۔ عمر عبداللہ نے نیشنل کانفرنس کے بنیادی اصول ’’سرداری عوام کا حق ہے اور عوام ہی طاقت کا سرچشمہ ہے ‘‘ دہراتے ہوئے کہا کہ ہماری جماعت کا ہر ایک فیصلہ اور اقدام جموں وکشمیر کے عوام کے جذبات، احساسات، اْمنگوں اور مطالبوں کے عین مطابق ہوتا ہے اور یہ جماعت مستقبل میں بھی اپنے اس سنہرے اصول پر قائم و دائم رہے گی۔یو این آئی