بدعنوانوں کے خلاف کارروائی پوری طاقت سے جاری رہے گی: وزیر اعظم

یو این آئی
کانکیر (چھتیس گڑھ) //وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ چور لٹیروں کی بدعنوانی کو روکنے اوران کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے لوگوں نے انہیں اقتدار میں بٹھایا ہے اور وہ یہ کام پوری طاقت سے کر رہے ہیں کوئی کچھ بھی کرلے، لیکن وہ اس کام کو کبھی روکنے والے نہیں ہیں مسٹر مودی نے آج یہاں ایک بڑے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چھتیس گڑھ ہو یا کوئی اور ریاست، کہیں بھی جس نے لوگوں کو لوٹا ہے انہیں سب کچھ واپس کرنا ہوگا۔ یہ مودی کی گارنٹی ہے کہ ایک بھی نہیں بچ سکے گا۔ بدعنوانوں پر کارروائی کے لئے آپ نے مجھے اقتدار میں بٹھایا ہے۔ انہوں نے اپنے شناسا انداز میں ہجوم سے پوچھا کہ چوروں، لٹیروں کو ٹھیک کرنا چاہیے یا نہیں… پھر کہا کہ غریب کے حق کو پیسہ لوٹنے والوں کو واپس کرنا ہی ہوگا۔ میں یہ کام روکنے والا نہیں ہوں، چاہے مجھے لاکھ گالیاں ملیں یا کوئی کچھ کر لے۔انہوں نے چھتیس گڑھ کی کانگریس حکومت پر گزشتہ پانچ برسوں میں بدعنوانی میں ملوث ہونے کا الزام لگایا اور کہا کہ اس دوران ان کے لیڈر اور کارکن مالا مال ہو گئے جبکہ ترقیاتی کام مکمل طور پر ٹھپ ہو کر رہ گئے۔ خراب سڑکیں، اسکول اور اسپتال، یہیں ان کی گزشتہ پانچ برس کی حصولیابی رہی ہے۔ سرکاری دفاتر میں رشوت خوری کے نئے ریکارڈ بنے اور پی اے اے سی تک میں نوکریوں کی بندر بانٹ ہوئی۔ قتل، تشدد کا نیا دور شروع ہوا۔ اس حکومت نے غریب عوام سے متعلق مرکزی اسکیموں کو روکنے کی پوری کوشش کی اور پردھان منتری ا?واس یوجنا میں رکاوٹیں کھڑی کرکے لوگوں کے گھر نہیں بننے دیے۔کانگریس پر ریاست میں کیے گئے انتخابی وعدوں کو پورا نہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے مسٹرمودی نے کہا کہ کانگریس نے ملک کی صدر قبائلی بیٹی کی بھی توہین کی۔ ان کے خلاف کیا کیا نہیں کہا۔ ان کی مخالفت کی۔ انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ قبائلی بیٹی کی توہین کا بدلہ لیں اور انتخابات میں کانگریس کو ضرور سزا دیں۔ انہوں نے کانگریس پر او بی سی طبقے کو دھوکہ دینے کا بھی الزام لگایا اور کہا کہ انہیں بھی اس طبقے کا ہونے کی وجہ سے گالی دی گئی۔