بے گھر افراد کے زیر التوا مسائل حل کریں گے سابقہ حکومتوں نے رفیوجیوں کے مسائل کو نظر انداز کیا: الطاف بخاری

اُڑان نیوز نیٹ ورک
جموں// اپنی پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ اپنی پارٹی کو حکومت قائم کرنے کا مینڈیٹ حاصل ہوا تو بے گھر کنبوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ یہ بات انہوں نے جموں میں کل بے گھر افراد کے ساتھ ایک مفصل ملاقات کے بعد کہی۔ اس میٹنگ کا اہتمام پارٹی کی یوتھ ونگ کے صوبائی صدر وبل بالی اور صوبائی صدر خواتین ونگ پونیت کور نے پارٹی دفتر واقع گاندھی نگر میں کیا تھا۔اس موقعے پر پارٹی سربراہ کے علاوہ سینئر نائب صدر غلام حسن میر، جنرل سیکرٹری وجے بکایا، صوبائی صدر جموں ایس منجیت سنگھ اور دیگر لیڈران بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران بے گھر افراد کے نمائندگان اور قائدین نے اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری کی موجودگی میں اپنی پارٹی کے رہنماوں کو اپنے مسائل سے تفصیلاً آگاہ کیا۔متاثرین کو بغور سْننے کے بعد سید محمد الطاف بخاری نے اْنہیں یقین دلایا کہ اگر اپنی پارٹی جموں و کشمیر میں بر سر اقتدار آتی ہے، تو اْن کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ اس مسئلے کو مسلسل لٹکائے رکھا گیا ہے اور ماضی کی حکومتوں نے بے گھر افراد کے مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ بے گھر افراد کے مسائل کی وجہ سے متفکر ہیں اور چاہتے ہیں کہ ان مسائل کو فوری طور حل کیا جائے تاکہ ان متاثرین کی سماجی، معاشی، تعلیمی اور سیاسی بہتری کی راہ ہموار ہوسکے۔انہوں نے اپنی پارٹی کے صوبائی صدر جموں ایس منجیت کی طرف سے اٹھائے گئے مطالبات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’ ہم بے گھر افراد کے ساتھ یکجہتی میں کھڑے ہیں اور اْن کے مسائل بشمول حکومت ہند کے پاس زیر التوا منظور شدہ پیکیج کی اجرائی، ان کے بچوں کیلئے تعلیمی اداروں میں ریزرویشن اور ان کے روزگار کا بندوبست وغیرہ جیسے مطالبات کو جائز سمجھتے ہیں اور ہم ان مطالبات کو پورا کرانے کیلئے متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ بے گھر افراد نے ناسازگار حالات کے پیش نظر اپنے مکانات اور زرعی زمینیں پیچھے چھوڑ کر جموں خطے کے سرحدی علاقوں میں آباد ہوگئے ہیں۔ اس طرح سے یہ کْنبے سرحدوں پر دفاع کی پہلی لائن ہیں اور اب تک بیش بہا قربانیاں دے چْکے ہیں۔‘‘الطاف بخاری نے مزید کہا کہ بے گھر افراد سے وابستہ بے روزگار نوجوانوں کی بھرتیاں فوج، نیم فوجی دستوں، اور جموں و کشمیر پولیس فورس میں ہونی چاہیں۔اس موقعے پر انہوں نے یہ بھی کہا کہ اپنی پارٹی روایتی سیاسی جماعتوں کے برعکس جموں و کشمیر میں ہمیشہ لوگوں کے کاز کے لیے کھڑی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اپنی پارٹی ہی تھی جس نے 5 اگست 2019 کے واقعات کے بعد جموں و کشمیر کے مقامی لوگوں کے لیے ملازمتوں اور زمینوں کا تحفظ کو یقینی بنایا۔اس دوران اپنی پارٹی کے سینئر نائب صدر غلام حسن میر نے کہا کہ بے گھر افراد کے مسائل حل کرنے کے بجائے انہیں بطور ووٹ بنک استعمال کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’لوگوں کے مختلف طبقات کے الگ الگ مسائل ہیں، جنہیں متعلقہ لوگوں کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ روایتی سیاسی جماعتیں گزشتہ سات دہائیوں کے دوران بے گھر افراد کے مسائل کو حل کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہیں۔اس سے قبل اپنی پارٹی کے صوبائی صدر، جموں، ایس منجیت سنگھ نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان 1947، 1965 اور 1971 کی جنگوں میں بے گھر ہونے والے افراد ناسازگار حالات کی وجہ سے اپنے گھر اور زمینیں پیچھے چھوڑ کر آگئے ہیں اور یہاں اب تک بے گھر ہیں۔ ان کا کہنا تھا، ’’حکومت نے کٹھوعہ سے پونچھ تک سرحدی پٹی میں ان بے گھر کنبوں کو زمین الاٹ کی تھی لیکن اس کے باجود اعملی طور پر اْن کے مسائل کو حتمی طور پر حل نہیں کیا جارہا ہے۔ اسی طرح بے گھر افراد کیلئے فی کس 25 لاکھ روپے کے مالی پیکیج کا اعلان کیا گیا تھا، جبکہ وہ 30 لاکھ روپے کا مطالبہ کررہے تھے۔ حکومت نے اْنہیں 5.5 لاکھ روپے کی پہلی قسط فراہم تو کی لیکن حیران کْن طور پر اسے ون ٹائم سیٹلمنٹ کا نام دیا گیا۔‘‘انہوں نے کہا کہ بے گھر افراد کے پاس ریونیو ویلج نہیں ہیں جس کی وجہ سے وہ گاؤں کی سطح پر روزگار کے مواقع سے محروم ہیں۔ اس موقعے پر پونیت کور اور وپل بالی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقعے پر پارٹی کے جو سرکردہ لیڈران موجود تھے، اْن میں فقیر ناتھ، ارون چھیبر، محمد شفیع، روہت گپتا، بودھ راج بھگت، اعجاز احمد اور دیگر لیڈران شامل تھے۔