سرنکوٹ میں دوران ِ حراست ملزم کی موت

مجسٹریل انکوائری کا حکم صادر
امیر الدین زرگر
سرنکوٹ// پولیس تھانہ سرنکوٹ میں زیر حراست ایک ملزم کی موت واقع ہوگئی۔پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزم نے خود کشی کی کوشش کی جبکہ لواحقین کی طرف سے پراسرار حالات میں ملزم کی ہوئی موت پر تشویش ظاہر کئے جانے کے بعد ضلع مجسٹریٹ نے مجسٹریل انکوائری کا حکم صادر کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سرنکوٹ کے علاقہ مرہوٹ سے گزشتہ دنوں مبینہ اغواکاری کا معاملہ سامنے آیا تھا جس میں پولیس نے الفت حسین ولد لال حسین ساکنہ نامی شخص کو ایف آئی آر زیر نمبر 314/2023 زیر دفعات 366/376 تعزیرات ِ ہند درج کی گئی۔ پولیس حکام کے مطابق9 اکتوبر کو مذکورہ شخص نے تھانہ کے حوالت میں خود کشی کرنے کی کوشش کی جس کوشخص سب ضلع ہسپتال سرنکوٹ پہنچایا جہاں ابتدائی علاج معالجہ کے بعد حالت حالت ناساز ہونے کی وجہ سے میڈیکل کالج راجوری منتقل کر دیاگیا جہاں اُس کی دوران ِ علاج ومعالجہ موت واقع ہوگئی۔ سردست موت کی اصل وجہ معلوم نہ ہوسکا ہے۔ مذکورہ شخص کے لواحقین نے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ ایس ڈی ایم سرنکوٹ نے ایک تحریری مکتوبضلع مجسٹریٹ پونچھ کو لکھا جس کے بعد ضلع مجسٹریٹ پونچھ محمد یاسین چوہدری نے مجسٹریل انکوائری کا حکم صادر کر دیا ۔سب ضلع مجسٹریٹ مینڈھرجانگیر خان بطور انکوائری آفیسر مقرر کئے گئے ہیں۔ اُن کے ہمراہ ایک ایگزیکٹو مجسٹریٹ بھی رہیں گے، جنہیں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیاگیاہے۔