یشامدگل نے محکمہ اِمدادِ باہمی کے کام کاج کا جائزہ لیا

جموں/کمشنر سیکرٹری محکمہ اِمداد باہمی یشا مدگل نے آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں محکمہ کے کام کاج کا جائزہ لینے کے لئے سینئر افسروں کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں رجسٹرار کوآپریٹیو سوسائٹیز جموں و کشمیر، ایڈیشنل رجسٹرار کوآپریٹیو سوسائٹیزجموں، ایڈیشنل سیکرٹری کوآپریٹیو، جوائنٹ رجسٹرار کوآپریٹیو سوسائٹیز، سپیشل وآڈٹ، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ کوآپریٹیو، ڈپٹی رجسٹرار اور دیگر متعلقہ افسروں نے شرکت کی جبکہ کشمیر میں مقیم افسروں نے بذریعہ ورچیول موڈ میٹنگ میں حصہ لیا۔ میٹنگ میں محکمے سے متعلق مختلف امور بشمول نئی کوآپریٹیوسوسائٹیز کی رجسٹریشن، غیر فعال کوآپریٹیو سوسائٹیز کی بحالی اورکیپکس کے اخراجات کی پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ رجسٹرار، کوآپریٹیو سوسائٹیز جموں و کشمیر نے کمشنر سیکرٹری کو کٹھوعہ، کپواڑہ، گاندربل، کشتواڑ اور پونچھ اور شوپیاں میں سپر بازاروں کی موجودہ صورتحال، نئے سپر بازاروں کی تعمیر، آڈٹ پاروں کی صوبائی و ضلعی سطح کی موجودہ صورتحال اور کوآپریٹیو سوسائٹیوں کے آڈِٹ کے اِنعقاد کی پیش رفت کے بارے میں جانکاری دی۔ اُنہوں نے کمشنر سیکرٹری کو سوسائٹیوں کی کارکردگی اور کامیابی داستانوںکی دستاویز سازی کی موجودہ صورتحال کے علاوہ جے اینڈ کے کوآپریٹیو سوسائٹیز ایکٹ 1989 اور جے اینڈ کے خود انحصاری ایکٹ 1999 کو ایک ایکٹ میں ضم کرنے پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بھی جانکاری دی۔ رجسٹرار نے کمشنر سیکرٹری کو کوآپریٹو ٹریننگ اِنسٹی ٹیوٹ کی بحالی کے منصوبے، کوآپریٹیو سوسائیٹیوں کے اِنتخابات اور ممبران کے اِنشورنس کور کی صورتحال کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔کمشنر سیکرٹری نے افسروں سے خطاب کرتے ہوئے محکمے کے کام اور بحالی کے عمل کو تیز کریں اور ماہانہ اہداف مقررکرنے پر زور دیا تاکہ محکمہ کے تمام جاری کام اور اہداف مقررہ مدت میں مکمل کیاجاسکے۔یشا مدگل نے افسروں پر زور دیا کہ وہ غیر فعال کوآپریٹیو سوسائٹیوں کی بحالی کے لئے روڈ میپ تیار کریں ۔ اُنہوں نے کوآپریٹیو سوسائٹیز کے ممبران کے اِنشورنس کور کے حوالے سے صد فیصداہداف حاصل کرنے کے لئے حکمت عملی بنانے پر بھی زور دیا۔
کمشنر سیکرٹری نے پرائمری ایگری کلچرل کریڈٹ سوسائٹی (پی اے سی ایس)، پی ایم جن اوشدھی کیندر، پی اے سی ایس کے ذریعہ پٹرول پمپوں اور رسوئی گیس ایجنسیوں کو کھولنے اور دنیا کے سب سے بڑے اناج ذخیرہ کرنے کے پائلٹ پروجیکٹ کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ یشا مدگل نے افسران پر زور دیا کہ وہ جوش وخروش کے ساتھ کام کریں اور ہر ایک میں نئے پی اے سی ایس کا اندراج کر کے تمام پنچایتوں کا احاطہ کریں۔اُنہوں نے تمام اقدامات کی تکمیل اوران کی تکمیل کے لئے مخصوص ٹائم لائنز بھی دیں۔ یشا مدگل نے متعلقہ افسروں سے کہا کہ وہ آڈٹ پیرا میںاُجاگر کئے گئے تمام مسائل کو کلیئر کریں تاکہ ان کو جلد از جلد حل کیا جائے۔