دہشت گردی دنیا کے لئے سب سے بڑا چیلنج ، اس سے سختی سے نپٹنے کی اشد ضرورت :وزیر اعظم مودی

نئی دہلی//وزیراعظم نریندر مودی نے آج یہاں جی۔ 20 کے رکن ممالک کے 9 ویں پی۔ 20 کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے سامنے اس وقت دہشت گردی سب سے بڑا چیلنج ہے، جس کے خلاف پوری دنیا کو لگاتار سختی کرنے اور متحد ہوکر لڑنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی صحیح تشریح پر آج تک اتفاق رائے نہ ہونا افسوسناک ہے۔ کیونکہ انسانیت کے دشمن اسی کا فائدہ اٹھاکر پوری انسانیت کو تباہ و برباد کرنے پر آمادہ ہیں۔مسٹر نریندر مودی نے کہا کہ پی۔ 20 کی کانفرنس پوری دنیا کی مختلف پارلیمانی اسپیکرس کا مہا کنبھ ہے۔ آپ سب کا ہمارے ملک کو میزبانی کا موقع دینا ہمارے لئے باعث مسرت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی۔ 20 کی سربراہی کے دوران ہندوستان نے پورے سال ڈیلی گیٹس کی میزبانی کی ، جس سے پورے سال ملک میں تہوار کا ماحول رہا اور پھر حال ہی میں جی۔ 20 کا کامیاب انعقاد کیا گیا، جس میں ہندوستان نے افریقن یونین کو جی۔ 20 کا پرماننٹ رکن بنانے کی پرزور وکالت کی ، جس کی تمام ارکین نے بھرپور تائید کی اور اسے رکن بنانے کی اپنی منظوری دی۔وزیراعظم نے کہا کہ کسی بھی ملک کی طاقت اس کے عوام ہوتے ہیں۔ عوام ہی حکومت کو منتخب کرتے اور اپنی پسند کی سرکار بناتے ہیں۔ اس طرح عوام حکومت بناتے ہیں، مگر حکومت اتفاق رائے سے چلتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا فلسفہ یہ ہے کہ پوری دنیا ایک خاندان ہے، اس لئے ہم سب کو مل کر اور متحد ہوکر ایک ساتھ چلنے کی ضرورت ہے اور دنیا کو درپیش چیلنجوں کا ساتھ مل کر مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔وزیراعظم مودی نے کہا کہ سال 1947 میں اپنی آزادی کے بعد سے ہندوستان نے اب تک 17 جنرل الیکشن کرائے ہیں جبکہ 300 سے زائد ریاستی اسمبلی انتخابات ہوچکے ہیں۔ ہندوستان صرف الیکشن ہی نہیں کراتا بلکہ لوگوں کو ووٹنگ میں حصہ لینے کے لئے راغب بھی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں سال۔ 2019 میں 90 کروڑ رجسٹرڈ ووٹرس تھے ، جو یوروپ کی مجموعی آبادی سے زائد ہے۔ ان میں سے 60 کروڑ ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا جن میں خواتین کی شرکت سب سے زیادہ رہی اور انہوں نے ریکارڈ ووٹ ڈال کر ہماری حکومت کو دوسری بار منتخب کیا۔مسٹر نریندر مودی نے کہا کہ سال۔ 2019 کے عام انتخابات میں 600 سے زائد سیاسی پارٹیوں نے حصہ لیا اور ایک کروڑ سے زائد سرکاری ملازمین نے غیرجانبدارانہ، منصفانہ اور پرامن انتخابات کرانے میں اپنا اہم رول ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ برق رفتار زمانہ کے ساتھ خود کو ہم آہنگ کرتے ہوئے ہندوستان نے انتخابات میں جدیدترین ٹکنالوجی کی مدد لی اور الیکٹرانک ووٹنگ کے ذریعے انتخابات کرانے کا عمل انتہائی کامیابی سے اپنایا۔مسٹر نریندر مودی نے کہا کہ حال ہی میں ہماری پارلیمنٹ نے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے پارلیمنٹ اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کو 33 فیصد ریزرویشن دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے ہمارے ملک میں مزید خوشحالی آئے گی۔وزیراعظم نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی خوبی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے اتنی آسانی ہوگئی ہے کہ کاونٹنگ شروع ہونے کے چند گھنٹے بعد ہی نتیجہ سامنے آجاتا ہے۔ انہوں نے یہ بتاتے ہوئے کہ آئندہ سال یعنی 2024 میں عام انتخابات ہونے والے ہیں ، پی۔ 20 کے رکن ممالک مہمانوں کو الیکشن کے اس تہوار میں شرکت کی دعوت دی اور کہا کہ آپ کی پھر ایک بار میزبانی ہمارے باعث مسرت ہوگی۔یو این آئی