ضلع ڈوڈہ سے دھڑہ،ہانچھ،زہانڈ،ملوانہ،گندنہ جانے والی سڑک کی خستہ حالی لوگوں کیلئے باعث پریشانی

’نوسال بے مثال‘پھربھی ہے سڑکوں کابُراحال!
ضلع ڈوڈہ سے دھڑہ،ہانچھ،زہانڈ،ملوانہ،گندنہ جانے والی سڑک کی خستہ حالی لوگوں کیلئے باعث پریشانی
دانش اقبال
ڈوڈہ؍؍وزیراعظم نریندرمودی کی قیادت میں بھاجپاسرکارکے نوبرسوں کے جشن ملک بھرمیں منائے جارہے ہیں اور جموں وکشمیرمیں بھی ان نوبرسوں میں ریکارڈ توڑتعمیروترقی کے دعوے کئے جارہے ہیں، بلاشبہ جموں وکشمیرمیں مرکزی حکومت نے دریادِلی سے بڑے وقاری منصوبوں کومنظوری دی اور ان پرعمل درآمدجاری ہے لیکن جموںوکشمیرکے دورافتادہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کافقدان آج بھی ویساہی ہے جو کئی دہائی پہلے تھا،لوگ آج بھی پینے کے پانی،بجلی،سڑکوں کیلئے ترستے ہیں،خستہ حالت سڑکیں،پیڑوں وسوکھی لکڑیوں کے سہارے بجلی کی ترسیلی لائن، ٹوٹی پھوٹی پانی کی پائپیں آج بھی تعمیروترقی کے دعوئوں کے جھوٹے ہونے کامنہ بولتاثبوت پیش کررہی ہیں،جبکہ تین سطحی پنچایتی راج نظام کے جموں وکشمیرمیں آنے کے باوجود پنچایتی نمائندگان اپنی پنچایتوں میں تعمیروترقی کے فقدان کولیکر مایوسی کاشکار ہیں ۔ ایسی ہی ترقی کے کھوکھلے دعوئوں کی ایک داستان ضلع ڈوڈہ سے دھڑہ،ہانچھ،زہانڈ،ملوانہ،گندنہ جانے والی سڑک ہے جس کی خستہ حالی کے باعث مقامی آبادی کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ محکمہ آر اینڈ بی سڑک کی مرمت کیلئے کوئی بھی خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھا رہی ہے۔مقامی لوگوں نے کہا کہ رابطہ سڑک کی حالت انتہائی خستہ ہو چکی ہے جس کے نتیجے میں لوگوں کا سڑک سے پید ل چلنا محال ہے گاڑیوں کو چلنا دور کی بات ہے۔سڑک پر بڑے بڑے گڑھے ہو گئے ہیں اور معمولی بارشیں ہونے کے ساتھ ہی سڑک کے گڑھوں میںپانی جمع ہو جاتا ہے اور سڑک جھیل جیسا رخ پیش کرتی ہے۔نمائندہ اُڑان ‘سے فون پر بات کرتے ہوئے سرپنچ دھڑہ بی ارشاد احمدٹاک نے کہا کہ سڑک کی حالت اس قدر خستہ ہے کہ چھوٹے بچے اور بزرگ اس سڑک پر چلنے سے ڈر محسوس کرتے ہیں جبکہ جب بھی بارشیں ہوتی ہے تو لوگ گھر وں میں ہی رہنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ سڑک کی خستہ حالی کے باعث لوگوں کو شدید ترین مشکلات کا سامنا ہے اور اس سڑک کی مرمت کیلئے محکمہ آر اینڈ بی نے آج تک کوئی سنجیدگی کا مظاہر نہیںکیا۔ مقامی لوگوں نے کہا کہ انہو ں نے کئی بار متعلقہ محکمہ کو آگاہ کیا تھا کہ سڑک کی مرمت عمل میںلائی جائے تاہم انہوںنے آج تک اس کی طرف کوئی دھیان نہیں دیا جس کے باعث مقامی آبادی پریشانی میں مبتلا ہے۔مقامی لوگوں نے محکمہ آر اینڈ بی سے سڑک کی تجدید مرمت کی مانگ کی ہے تاکہ عوام کو راحت مل سکے۔