جھجرکوٹلی میں دلدوز سڑک حادثہ 10 مسافر لقمہ اجل ، 55 زخمی

اُڑان نیوز
جموں// جموں ضلع کے جھجر کوٹلی علاقے میں منگل کی صبح ایک دلدوز سڑک حادثے میں 10 افراد کی موت جبکہ 55دیگر زخمی ہوگئے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جموں کے جھجر کوٹلی علاقے میں امرتسر سے کٹرہ جارہی ایک گاڑی گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں کم سے کم 10 افراد کی بر سر موقع ہی موت واقع پوگئی جبکہ 55 دیگر زخمی ہوگئے۔انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں منتقل کیا گیا۔ایس ایس پی جموں چندن کوہلی کا کہنا ہے کہ بچائو آپریشن لگ بھگ مکمل ہوچکا ہے اور ایس ڈی آر ایف ٹیم بھی جائے موقع پر موجود ہے۔ گاڑی میں گنجائش سے زیادہ مسافر سوار تھے۔انہوں نے کہا کہ واقعہ پیش آتے ہی پولیس جائے واردات پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔دریں اثنا ایس ایس پی جموں چندن کوہلی جائے واردات پر پہنچ گئے ہیں اور بچائو آپریشن کا جائزہ لے رہے ہیں۔۔سی آر پی ایف کے ایک افسر نے بتایا کہ جھاجر کوٹلی پُل کی عقبی کھائی سے 10یاتریوںکی لاشیں برآمد کی گئیں۔ حکام نے بتایا کہ بس صبح6بجکر30 اور 7 بجے کے درمیان جموں سری نگر قومی شاہراہ سے پھسل کر جھاجر کوٹلی میں ایک نالے پرواقع پل سے نیچے جاگری۔ان کا کہنا تھا کہ زیادہ تر مسافر بہار کے لکھی سرائے سے تھے اور اپنے بچے کی مذہبی تقریب کیلئے ماتا ویشنو دیوی کی یاترا پر تھے۔ وہ ایک بڑے خاندان کے افراد تھے۔ ایک زخمی مسافر رویندر پانڈے نے کہا کہ اُنہیں لگا کہ بس سے کچھ ٹکرا گیا ہے۔ یہ توازن کھو بیٹھی اور نیچے گرگئی۔ عینی شاہدین نے بتایاکہ جائے حادثہ بس کی ٹوٹی پھوٹی باقیات کے نیچے پھنسی لاشوں سے خوفناک نظر آرہا تھا۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ بس بائیں لین میں تھی لیکن ڈرائیور کے کنٹرول سے باہرہونے کے بعد دائیں جانب سے جا کر پل کی ریلنگ سے ٹکرا کر نیچے نالے میں جاگری۔اس بدقسمت گاڑی میں سوار ایک یاتری رمیش کمارجو محفوظ ہے ،نے میڈیا کو بتایاکہ ہم ماتا ویشنو دیوی کے مندر میں پوجا کرنے اور اپنے بچے کا منڈن کرنے کیلئے آرہے تھے۔انہوںنے کہاکہ ہم سب کا تعلق ایک بڑے خاندان سے ہے۔ادھر حکام نے بتایاکہ امرتسر سے کٹرہ یاتریوںکو لیکر آرہی حادثے کی شکار ہوئی بس پر اتر پردیش کا رجسٹریشن نمبر UP81CT-3537 کو جائے حادثہ سے تقریباً 2کلومیٹر پہلے بائیں مڑنا چاہیے تھا، لیکن مسافروں کا کہنا تھا کہ لگتا ہے کہ ڈرائیور نے سمت کھو دی ہے اور غالباً ادھم پور-سری نگر ہائی وے کی طرف جا رہا تھا۔یادرہے21 مئی کو جموں و کشمیر کے ضلع ریاسی میں ویشنو دیوی یاتریوں کو لیکر راجستھان جانے والی بس الٹنے سے ایک 27 سالہ خاتون ہلاک اور 24 افراد زخمی ہو گئے۔ادھر جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جھجر کوٹلی سڑک حادثے میں انسانی جانوں کے زیاں پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔انہوں نے پسماندگان کے ساتھ تعزیت اور زخمیوں کی فوری صحتیابی کے لئے دعا کی۔موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے اپنے ایک ٹویٹ میں اس حادثے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ‘جھجر کوٹلی جموں میں پیش آئے دلدوز سڑک حادثے میں انسانی جانوں کے زیاں سے گہرا دکھ ہوا’۔انہوں نے ٹویٹ میں کہا: ‘غمزدہ کنبوں کی خدمت میں تعزیت اور زخمیوں کی فوری صحتیابی کے لئے دعا گو ہوں’۔ان کا کہنا تھا کہ ضلع انتظامیہ کو زخمیوں کی ہر ممکن مدد اور انہیں علاج کرنے کی ہدایت دی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے شری دیپو کے لواحقین کے لئے 5لاکھ روپے کی ایکس گریشیا کو منظور ی دی جو 29؍ مئی 2023ء کو اننت ناگ میں دہشت گردوں کے ہاتھوں مارا گیا تھا۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموں میں آج ایک المناک بس حادثے میں جان گنوانے والوں کے لواحقین کو پانچ پانچ لاکھ روپے اور شدید زخمیوں کے لئے 50,000 روپے فی کس کی منظوری دی ہے۔اُنہوں نے ضلعی اِنتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ علاج معالجے کا خیال رکھیں اور سوگوار کنبوں کو ہر طرح کی مدد فراہم کریں۔چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے آج صبح گورنمنٹ میڈیکل کالج ( جی ایم سی ) جموں گئے جہاں جھجرکوٹلی کے قریب حادثہ کا شکار شری ماتا ویشنو دیوی جانے والے یاتریوںکا حال معلوم کیا۔چیف سیکرٹری نے واقعہ کو اِنتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے ہدایت دی کہ زخمیوں کو بہترین طبی اِمداد فراہم کی جائے۔اِس کے علاوہ چیف سیکرٹری نے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لئے دعا کی ۔اُنہوں نے ان کے اہل خانہ سے دلی اظہار تعزیت کی اور کہا کہ حکومت متاثرین کو تمام ضروری سہولیات فراہم کرے گی۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت حادثے میں ہلاک ہونے والوں او رزخمیوں کے لواحقین کو مناسب اِمداد فراہم کرنے جارہی ہے۔ اُنہوں نے صوبائی اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ سڑک حادثے کی وجوہات کا جائزہ لیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جاسکے۔یہاں یہ بات قابل ذِکر ہے کہ اطلاعات کے مطابق یہاں جموں ضلع کے جھجرکوٹلی علاقے میں پُل سے پھسلنے کے بعد ان کی بس کھائی میں گرنے سے 10یاتریوں کی موت واقع ہوئی اور 57 زخمی ہوگئے۔مقامی اِنتظامیہ فوری حرکت میں آئی اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ مل کرریسکیو آپریشن کیا ۔ تمام نعشیں نکالی گئیں اور زخمیوں کو علاج و معالجہ کے لئے جی ایم سی جموں منتقل کیا گیا۔