ڈوڈہ کے سندرا ،چکرابتی میں سڑک کی کشادگی کا کام شروع ہونے پر لوگوں نے حکومت کا شکریہ ادا کیا

محمد اصغربٹ
ڈوڈہ//ضلع ڈوڈہ کے مختلف دیہات کی طرف جانے والی رابطہ سڑکوں پر کشادگی کا کام جاری ہے۔آج سے دس برس قبل تعمیر کی گئی سڑکوں پر صرف ایک ہی گاڑی گزرنے کی جگہ تھی۔خطے میں بڑھتے ہوئے سڑک حادثات کو دھیان میں رکھتے ہوئے حکومت نے پچھلے پانچ برسوں سے مسلسل سڑکوں کو اپگریڈ کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔تاکہ عوام کو بہتر رابطہ فراہم کیا جا سکے۔ پی ایم جی ایس وائی کی طرف سے شیواہ سندراہ تا چکرابتی سڑک کا اپگریڈیشن کیا جا رہا ہے۔ قریب تیرہ برس بعد اس سڑک کو چوڑا کیا جا رہا ہے جس پر مقامی لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا۔یہ سڑک محلقہ تین پنچائتوں کو رابطہ فراہم کرے گی۔مقامی لوگوں نے حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دور دراز علاقوں میں اچھی سڑکیں تعمیر کی جا رہی ہیں جس کا فائدہ لوگوں کو مل رہا ہے۔پہلے مذکورہ سڑک پر سفر کرنے کے دوران مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔اور وقت بھی زیادہ لگتا ہے اب وقت بھی بچ رہا ہے اور لوگ بروقت اپنی منزل تک پہنچ رہے ہیں۔مرکزی حکومت کی طرف سے پہاڑی علاقہ ڈوڈہ میں گاؤں دیہات جانے والی سڑکوں پر تار کول بھی بچھایا گیا ہے جس کے چلتے لوگ اب آسانی سے گاڑیوں میں سفر کرتے ہیں۔سندرا کے سرپنچ نیک رام بھگت نے سڑک کا کام شروع ہونے پر سابق ایم ایل اے ڈوڈہ شکتی راج پریہار اور مرکزی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔اْ نہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جموں و کشمیر کے دور دراز پہاڑی ضلع ڈوڈہ میں تمام دیہات کو سڑک رابطے سے جوڑ دیا ہے اور لوگوں نے پہلی بار حقیقی معنوں میں ترقی دیکھی ہے۔