جموں وکشمیر میں جلد اسمبلی انتخابات کرائے جائیں:شاہ محمد تانترے پونچھ سے پی ایچ ڈی اسکالر سمیت درجنوں نوجوان اپنی پارٹی میں شامل

اُڑان نیوز
پونچھ//اپنی پارٹی ضلع صدر پونچھ اور سابقہ ایم ایل اے شاہ محمد تانترے نے مطالبہ کیا ہے کہ جموں وکشمیر میں جلد اسمبلی انتخابات کرائے جائیں۔ وہ پونچھ میں منعقدہ ایک جوائننگ پروگرام سے خطاب کر رہے تھے جس میں پی ایچ ڈی اسکالر چوہدری طفیل انجم نے درجنوں نوجوانوں سمیت اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ نئے ساتھیوں کا پارٹی میں خیر مقدم کرتے ہوئے تانترے نے کہاکہ جموں وکشمیر میں جمہوری نظام کی بحالی کا واحد آپشن جلد اسمبلی انتخابات کا انعقاد ہے تاکہ لوگوں کی مشکلات میں کمی واقع ہو۔انہوں نے کہاکہ منتخب حکومت کی عدم موجودگی میں لوگ مایوسی کا شکار ہیں اور اُنہیں گونا گوں مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ لوگوں کو چاہئے کہ وہ آگے آکر اپنی پارٹی کی حمایت کریں تاکہ قائد ثانی سید محمد الطاف بخاری جموں وکشمیر میں مثبت تبدیلی لاسکیں اور لوگوں کے مسائل میں کمی ہو۔انہوں نے مزید کہاکہ جموں اور کشمیر کے دونوںخطوں میں ریاستی درجے کی بحالی کا مطالبہ بھی زور پکڑتا جارہا ہے ۔شاہ محمد تانترے نے کہاکہ جمہوری نظام میں منتخب حکومت کا کچھ متبادل نہیں۔ صرف منتخب نمائندے ہی عوام کے سامنے جوابدہ ہوتے ہیں اور ایک عوامی حکومت کے لئے اسمبلی انتخابات کرانے ضروری ہیں۔ اس دوران سابقہ لیجسلیچر نے پونچھ میں ترقی کے فقدان، پینے کے صاف پانی کی نامناسب سپلائی، غیر اعلانیہ بجلی کٹوتی وغیرہ مسائل کو بھی اُجاگر کیا ۔ انہوں نے انتظامیہ کے متعلقہ محکموں سے اپیل کی کہ وہ عوامی بہبود کے سپلائی نظام میں بہتری لائیں۔اس موقع پر الحاج بشیر خاکی، کیپٹن بلراج دتہ، چوہدری محمد صفیر، صوبائی سیکریٹری ایس ٹی سیل بشیر کامران، ضلع صدر ایس ٹی سیل اعجاز تاتنرے، چوہدری اعظم کالس، چوہدری جاوید، احسان الہی، غلام مصطفی، یاسر گنائی، اعظم راتھر وغیرہ بھی موجود تھے۔