غریبوں اورچھوٹی دکانوں کے مالکان کے خلاف کارروائی نہیں ہوگی مہم عوام دوست، لوگ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں : ڈپٹی کمشنر

نیوزڈیسک
جموں//جموں و کشمیر انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ جموں ضلع میں جاری انسداد تجاوزات مہم کے دوران رہائش گاہوں یا چھوٹی دکانوں کو نقصان نہیں پہنچایا جائے گا جن پر خاندانوں کی روزی روٹی کا انحصار ہے۔جموں کے ڈپٹی کمشنر اونی لواسا کا یہ بیان جموں شہر کے بالائی نروال بالاسنجواںعلاقے میں انسداد تجاوزات مہم کے دوران لوگوں کی طرف سے پتھراؤ کرنے کے ایک دن بعد آیا ہے۔ واقعے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا۔’’ میں لوگوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ جموں میں تجاوزات کے خلاف مہم کے دوران کوئی رہائشی یا چھوٹی تجارتی دکانیں جن پر خاندانوں کی روزی کا انحصار ہے کیخلاف کارروائی نہیں ہوگی لاواسا نے کہا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ کارروائی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس وقت کی گئی جب غیر قانونی طور پر بنائے گئے ایک نمایاں شوروم کو نوٹس جاری کیا گیا لیکن وہ مقررہ مدت میں کوئی جواز پیش کرنے میں ناکام رہا۔انہوں نے کہا کہ یہ عوام کے حق میں مہم ہے اور صرف ان لوگوں کے خلاف ہے جنہوں نے اپنی طاقت کا غلط استعمال کرتے ہوئے ذاتی مفاد کے لیے ریاستی زمین پر قبضہ کیا ہے۔یہ کارروائی لوگوں کے فائدے کے لیے کی جاتی ہے۔ حاصل کی گئی زمین کو مفاد عامہ کی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جائے گا،‘‘ انہوں نے کہا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال قابو میں ہے اور لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے فائدے کے لیے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔