پولیس سربراہ کا راجوری دورہ ، سیکورٹی صورتحال کاجائزہ لیا عوام کی حفاظت اولین ترجیح سرحدوں کے ساتھ ساتھ اندرونی علاقوں میں چوکسی بڑھانے کی ہدایت

اُڑان نیوز
سرینگر//جموں کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل پولیس دلباغ سنگھ نے سرحدی ضلع راجوری کا دورہ کیا ۔انہوں نے اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی اور ضلع کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ جائزہ میٹنگ میں ڈی آئی جی راجوری پونچھ رینج ڈاکٹر محمد حسیب مغل، ایس ایس پی راجوری محمد اسلم اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ سیکورٹی صورتحال جا ئزہ لینے کے بعد پولیس سربراہ دلباغ سنگھ راجوری پولیس کی جانب سے لشکر کے ماڈیول کو بے نقاب کرنے پر ان کو مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے اسپانسرڈ عناصر کے ذریعے جموں کشمیر کے بھائی چارے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کے لیے معصوم لوگوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ انہوں نے پاکستان اور اس کی ایجنسیوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کیلئے سرحدوں کے ساتھ ساتھ اندرونی علاقوں میں بھی چوکس رہنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ ڈھنگری کیس میں ملوث عناصر کا سراغ لگانے کے لیے سخت کوششیں کریں تاکہ متاثرین کو انصاف مل سکے۔ انہوں نے تمام شواہد کو مدنظر رکھتے ہوئے کیس کو مزید سنجیدگی سے نمٹانے کی ہدایت کی۔عسکریت پسندوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے ڈی جی پی نے کہا کہ عوام کی حفاظت جموں و کشمیر پولیس کی اولین ترجیح رہی ہے اور رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں امن عامہ کو کسی بھی قسم کے نقصان سے بچنے کے لیے زیادہ محتاط، چوکنا اور خاص طور پر رہنا ہوگا۔انہوں نے ملی ٹنٹ سرگرمیوں میں کسی بھی قسم کی مدد فراہم کرنے والے چھپے ہوئے بالائی زمین کارکنوں اور ساتھیوں کی نشاندہی پر زور دیا اور ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہر فرد کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے ملی ٹنتوں اور ان کے حامیوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے مختلف راستوں پر ناکہ چیکنگ پوائنٹس کو فعال کرکے سیکیورٹی گرڈز کو مضبوط بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے علاقے کے تسلط کا مناسب منصوبہ وضع کرنے اور اس پر عمل درآمد پر بھی زور دیا۔دلباغ سنگھ نے کہا کہ پاکستان جموں و کشمیر میں اپنی اسپانسر شدہ ملی ٹنسی کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچانے کے بعد اب جموں و کشمیر کی نوجوان نسل کو نشانہ بنانے کے لیے منشیات کی سپلائی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملی ٹنسی کی طرح منشیات اور منشیات کی تجارت کے لیے زیرو ٹالرنس ہونا چاہیے، دونوں ہی عوام کے لیے یکساں خطرناک ہیں۔