چھوٹے زمینداروں کو ہراساں نہیں کیا جائے گا امت شاہ کی یقین دہانی غلام نبی آزاد کی مرکزی وزیرداخلہ سے ملاقات، زمینی صورتحال سے آگاہ کیا

نیوزڈیسک
نئی دہلی //مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ نے اسبات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ جموں وکشمیرمیں کاہچرائی زمین اورروشنی اراضی سے تجاوزات ہٹانے کی جاری مہم کے دوران بہت کم زمینوں پر مکانات تعمیر کرنے والے کسی بھی چھوٹے زمیندار کونہیں چھیڑا جائے گا ۔اطلاعات کے مطابق ڈیموکریٹ آزاد پارٹی چیئرمین اورسابق مرکزی وزیر غلام نبی آزاد نے بدھ کے روزمرکزی وزیرداخلہ امت شاہ سے ملاقات کی اور اُنہیں جموں وکشمیر انتظامیہ کی جانب سے گزشتہ ماہ شروع کی گئی انسدادتجاوزات مہم سے پیداشدہ عوامی بے چینی اورغیریقینی کی صورتحال سے آگاہ کیا ۔پارٹی ترجمان کے مطابق غلام نبی آزاد نے مرکزی وزیرداخلہ کوبتایاکہ کاہچرائی اور دوسری زمینوںکولوگوںکوبے دخل کرنے کے جموں وکشمیر انتظامیہ کے جاری کردہ سرکیولر کی وجہ سے پورے جموں و کشمیر میں بڑے پیمانے پر عوام میں سنگین بے چینی اور بے یقینی کی صورتحال پائی جاتی ہے ،جسکی طرف فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ انہوںنے وزیر داخلہ سے درخواست کی کہ جن قابضین نے چھوٹی زمینیں رکھی ہوئی ہیں اور پچھلی چند دہائیوں سے مکانات تعمیر کئے ہوئے ہیں، وہ مہاجر ہیں اور زیادہ تر ملی ٹنسی کا شکار ہیں، ساتھ ہی وقتاً فوقتاً پیدا ہونے والے غیر معمولی حالات کا بھی شکار ہیں۔انہوں نے مرکزی وزیرداخلہ کوبتایاکہ سرحدی ریاست ہونے کے ناطے ریاستی کاہچرائی اور روشنی کی زمینوں پر ان پناہ گاہوں،رہائشی مکانات کی ابتداء پہلے 1947 میں اور پھر1962 اور 1971 کے جنگی دور میں، اور بعد ازاں ملی ٹنسی کے دور میں ہوئی۔جموں وکشمیر کے سابق وزیراعلیٰ غلام نبی آزاد نے مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ کو بتایاکہ یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ حکومتوں نے وقتاً فوقتاً ان گھروں کو پختہ سڑک رابطے، پانی اور بجلی کی فراہمی، اسکول، آنگن واڑی مراکز اور دیگر فلاحی اسکیمیں بشمول صحت سے متعلق سہولیات فراہم کیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یکے بعد دیگرے ریاستی حکومتوں نے ایک طرح سے ان گھروںکی تعمیرات کو تسلیم کیا ہے۔ آزاد نے وزیر داخلہ سے درخواست کی کہ کم از کم ان غریب لوگوں کو جن کے پاس زمین اور مکانات کی چھوٹی سی ملکیت ہے بے دخلی کی مہم سے بچا جائے ۔ غلام نبی آزاد کے بقول وزیر داخلہ امت شاہ جی نے مجھے یقین دلایا کہ بہت کم زمینوں پر مکانات تعمیر کرنے والے کسی بھی چھوٹے زمیندار کونہیں چھیڑا کیا جائے گا ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ2 ہفتے قبل غلام نبی آزاد نے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا کے ساتھ بھی یہی مسئلہ اٹھایا تھا، جنہوں نے بھی یہ یقین دلایا تھا کہ غریب لوگوں اورکسانوں کیساتھ کوئی ناانصافی نہیں کی جائے گی بلکہ اُن کے تئیں ہمدردانہ پالیسی اپنائی جائے گی۔