اَمرت کال کامرکزی بجٹ جموںوکشمیر میں تیزی سے ترقی اور فلاح عام کی طرف بڑا قدم

نیوزڈیسک
جموں//جموںوکشمیر کا بجٹ 2023-24ء یوٹی میں تیز رفتار ترقی اور عام آدمی کی فلاح و بہبود کی طرف ایک اور بڑا اقدام ہے۔ یہ معاشرے کے تمام طبقات کے لئے فلاحی پروگراموں او رمختلف سکیموں کی عمل آوری اور جامع ترقی کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔جموںوکشمیر کے لئے مرکزی بجٹ میں 35,581.44 کروڑ روپے مختص کئے جانے سے یونین ٹیریٹری کی ترقی کو تیز کرے گا جیسا کہ وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے اعلان کیا ہے۔سال 2022-23ء کے جاری مالی برس کے نظر ثانی شدہ تخمینوں میں مرکزی گرانٹس میں تقریباً9000کروڑ روپے کا اِضافہ کیا گیا ہے او راَب اسے 44,538.13 کروڑ روپے مقرر کیا گیا ہے۔جموںوکشمیر اِنتظامیہ قدرتی آفات کے تدارک کے لئے رقم خرچ کرے گی تاکہ 2014ء کے سیلاب کی وجہ سے تباہ شدہ بنیادی ڈھانچے کی بحالی ، سری نگر میں ڈل نگین جھیل کی بحالی ، تحفظ اور بحالی کے لئے ہونے والے اخراجات کو پورا کیا جاسکے۔جموںوکشمیر میں بجلی منصوبوں کو تعمیراتی کاموں میں تیزی لانے کے لئے اہم فنڈس کی منظوری دی گئی ہے جبکہ سالانہ بجٹ میں جموںوکشمیریوٹی میں صنعتی ترقی کا اِنتظام کیا گیا ہے۔مرکزی وزارتِ داخلہ نے 35,581.44 کروڑ روپے کے گرانٹس میں سے 624 میگاواٹ کیرو ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ ( ایچ اِی پی ) کے لئے ایکویٹی شراکت کے لئے 130 کروڑ روپے ( ریونیو) ، 800 میگاواٹ ریٹل ایچ اِی پی کے لئے ایکویٹی کے لئے 476.44 کروڑ روپے ریونیو گرانٹس ، جہلم ۔توی فلڈ ریکوری پروجیکٹ کے حساب سے 500 کروڑ کی ریونیو گرانٹ اور 540 میگاواٹ کے ڈبلیو آر ایچ اِی پی کی ایکویٹی شراکت کے لئے 171.23 کروڑ روپے کی ریونیو گرانٹس کی تجویز پیش کی ہے ۔جموںوکشمیر کو کل فنڈ سے دیگر گرانٹس میں یوٹی کے مرکزی معاونت کے طورپر 33,923 کروڑ روپے اور ڈیزاسٹر رسپانس فنڈ کے لئے 279 کروڑ روپے شامل ہیں۔وزارتِ دفاع نے جموںوکشمیرلائٹ اِنفنٹری کے لئے 1797.74 کروڑ روپے کی تجویز پیش کی ہے۔اِسی طرح بارڈر ائیریا ڈیولپمنٹ پروگرام ( بی اے ڈی پی ) کے لئے بھی 600 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں جو ایک مرکزی معاونت والی سکیم ہے جس سے جموںوکشمیر اور لداخ کو بھی فائدہ ہوتا ہے کیوں کہ دونوں یوٹیز میں بڑی تعداد میں سرحدی دیہات ہیں۔بجٹ میں مائیگرنٹ اور واپس آنے والوں کے لئے راحت اور بحالی کے لئے 301.61کروڑ روپے ، لداخ کے لئے 5کروڑ روپے او رجموںوکشمیراور ہماچل پردیش کے لئے ہیلی کاپٹر خدمات کے لئے 11کروڑ روپے کی رقم بھی رکھی گئی ہے۔بجٹ دستاویز میں کہا گیا ہے ،’’ یہ بندوبست جموں وکشمیر اور ہماچل پردیش میں سبسڈی والے ہیلی کاپٹر خدمات کے لئے ہے تاکہ دُور دراز علاقوں تک رابطہ فراہم کیا جاسکے ۔‘‘بجٹ میں جموں و کشمیر میں کھیل سہولیات میں اضافے کا خصوصی ذکر کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ یہ شعبہ امن اور خوشحالی کے فروغ کے لئے ایک اہم ذریعہ ہے۔ بجٹ دستاویز میں کہا گیا ’’جموں و کشمیر میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے اور کھیل سہولیات کو اَپ گریڈ اور تمام مطلوبہ سہولیات کے ساتھ تیار کیا جائے گا۔‘‘دریں اثنا، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے امرت کال کے پہلے بجٹ کے لئے وزیر خزانہ محترمہ نرملا سیتا رمن اور وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا ہے جو 5 ٹریلین ڈالر کی معیشت کے ہدف کو حاصل کرنے کے لئے ملک کو تیز، دیرپا اور جامع ترقی کی راہ پر گامزن کرے گا۔لیفٹیننٹ گورنرنے کہا ’’امرت کال کے لئے وژن۔نوجوانوں ، ترقی اور روزگار کے مواقع ، مضبوط او رمستحکم میکرو اِکنامک ماحول اور کسانوں ، خواتین ، پسماندہ طبقات ، متوسط طبقے اور بنیادی معیشت کو ترقی کی بہترین راہ پر گامزن کرے گا۔اُنہوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچہ اور روزگار پیدا کرنے، گرین گروتھ، ایگری کلچر ایکسلریٹر فنڈ، پشوئوں کے لئے ٹارگٹڈ فنڈنگ اور اتمانربھر بھارت ہارٹی کلچر کلین پلانٹ پروگرام اور سیاحت کے فروغ پر بڑھی ہوئی سرمایہ کاری سے جموںوکشمیر یوٹی کی معیشت پر زبردست اثر پڑے گا۔لیفٹیننٹ گورنر نے زور دے کر کہا ،’’عام آدمی کی تیز رفتار ترقی اور فلاح وبہبود 2023-24ء کے بجٹ میں ہے۔ میں پی ایم وکاس سے ہینڈ لوم اور ہینڈی کرافٹ شعبے میں ترقی کی رفتار کو تیز کرنے کے لئے وزیر خزانہ اور وزیر اعظم کا مشکور ہوں۔ اس سے جموںوکشمیر یوٹی کے لاکھوں کاریگروں کو بہت فائدہ پہنچے گا۔‘‘