بڈگام میں ’ سارے سیزن کے سیاحتی مقام‘ کے طورپر بے پناہ صلاحیت موجود :ڈی سی ضلع ترقیاتی کمشنر نے یوسمرگ میں پہلا بنیادی سنوسکی کورس شروع کیا

بڈگام/ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام ایس ایف حامد نے کہا کہ ضلع بڈگام میں ’ سارے سیزن سیاحتی مقام‘ کے طور پر بے پناہ صلاحیت ہے اور سال بھر کی سیاحتی سرگرمیوں کے لئے نئے مقام کی صلاحیت کو بروئے کار لانا ضلع اِنتظامیہ کی ترجیح ہے۔اِن باتوں کا اِظہار ضلع ترقیاتی کمشنر نے یوسمرگ میں پہلے 15روزہ بنیادی سنو سکی کورس کا اِفتتاح کرتے ہوئے کیا۔اُنہوں نے کہا کہ ضلع سر ی نگر کے قریب ہے اور کشمیر کا واحد ہوائی اَڈہ ہے جہاں سال بھر سیاحوں کی بڑی تعداد کو اَپنی طرف متوجہ کیا جاسکتا ہے۔اِس پروگرام کا اہتمام امورِ نوجوان و کھیل کود محکمہ نے ضلع اِنتظامیہ بڈگام کے اشتراک سے کیا ہے ۔اِس میں وادی بھر سے زائد اَز 60 طلباء حصہ لے رہے ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام نے امور نوجوان و کھیل کود محکمہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یوسمرگ میں سکی ایونٹوں کا اِنعقاد نہ صرف سرمائی کھیلوں کو فروغ دے گا بلکہ اِس خوبصورت سیاحتی مقام کی طرف زیادہ سے زیاہد سیاحوں کو راغب کرنے کے لئے سرگرمیوں کے سلسلے کو منظم کرنے کی راہ ہموار کرے گا۔ اُنہوں نے کورس کے کامیاب اِنعقاد کو یقینی بنانے کے لئے ضلعی اِنتظامیہ کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دِلایا۔ایس ایف حامد نے کہا کہ ’ کھیلو اِنڈیا‘ پروگرام کے وژن کے تحت ضلع میں کھیلوں کی سرگرمیاں پہلے ہی منعقد کی جاچکی ہیں اور ہمارے نوجوانوں میں کھیلوں کی ثقافت کو فروگ دینے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ یوسمرگ کو سرمائی کھیلوں کے بہترین سیاحتی مقام کے طور پر فروغ دینے کی بڑی صلاحیت ہے جس کے لئے جلد ہی تمام بنیادی ڈھانچہ قائم کیا جائے گا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں او رتوانائی کو صحت مند سرگرمیوں کے لئے اِستعمال کرنے کے لئے ہر گائوں میں کھیلوں سے متعلق سہولیات پیدا کی جارہی ہیں تاکہ وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر یوٹی کی نمائندگی کرسکیں۔بعد میں ضلع ترقیاتی کمشنر نے شرکأ سے بات چیت کرتے ہوئے اُنہیں ایڈونچر کھیل میں دِلچسپی لینے پر مبارک باد دی اور ان کی حوصلہ اَفزائی کی ۔اُنہوں نے نوجوان ٹرینیز پر زور دیا کہ وہ کورس کے دوران ضروری علم اور ہنر کو حاصل کرنے کے لئے سخت محنت کریں۔اِس اَقدام کو بی ڈی سی ممبران ، جے ڈی وائی ایس ایس ، سی اِی او وائی ڈی اے ، ایس ڈی ایم چاڈورہ ، ڈی وائی ایس ایس او بڈگام ، بین الاقوامی سکی پلیئرز اور سول سوسائٹی کے دیگر اَراکین نے سراہا جو اس سرمائی کھیلوں کی سرگرمی کا مشاہدہ کرنے کے لئے موجود تھے۔اِس موقعہ پر جے ڈی وائی ایس ایس کشمیر بشیر احمداور ڈی وائی ایس ایس او بڈگام گرومکھ سنگھ دتہ نے بھی اَپنے خیالات کا بھی اِظہار کیا۔