جموں صوبہ میں 1177ملازمین غیر حاضراور41دفاتر مقفل پائے گئے

جموں صوبہ میں 1177ملازمین غیر حاضراور41دفاتر مقفل پائے گئے
اگست ماہ کی تنخوا ہ روک دی گئی،وجہ بتاو نوٹس جاری
الطاف حسین جنجوعہ
جموں//سرکاری ملازمین کو جوابدہ بنانے کے لئے منگل کے روز انتظامیہ نے ایک بڑا کریک ڈاو¿ن کیا۔ صوبائی کمشنر دفتر جموں کی ہدایت پر صوبہ جموں کے سبھی دس اضلاع میں سرکاری دفاتروں کے اچانک معائنے کئے گئے جس دوران 1177ملازمین وافسران بلا اجاز ت ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے۔ سرکاری ذرائع نے بتایاکہ اے ڈی سی/اے سی آر/ایس ڈی ایم اور تحصیلداروں پر مشتمل ٹیمیں سبھی دس اضلاع میں تشکیل دی گئی تھیں،جس میں معائنہ کے دوران راجوری، کشتواڑ، ریاسی اور سانبہ میں41دفاتر مقفل پائے گئے۔ پچھلے کچھ عرصہ سے لگاتار صوبائی کمشنر جموں کو مختلف مقامات سے ملازمین کے غیر حاضر رہنے کی شکایات موصول ہورہی تھیں، جس کا نوٹس لیتے ہوئے بیک وقت سبھی اضلاع میں چھاپے ماری کا حکم صادر کیا۔ حکام کے مطابق صبح 10:30سے دوپہر1بجے تک تشکیل شدہ ٹیموں نے 600کے قریب سرکاری دفاتر کا معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنروں نے بھی از خود کئی دفاتر کا معائنہ کیا جس دوران مجموعی طور1177ملازمین اور افسران بغیر اجازت غیر حاضر پائے گئے جنہیں وجہ بتاو¿ نوٹس جاری کئے گئے ہیں اوراگست ماہ کی تنخواہ نہ دینے کا حکم دیاگیاہے۔اِن ملازمین کے خلاف آنے والے دنوں میں مزید کارروائی کی جائے گی۔ صوبائی کمشنر جموں ڈاکٹر راگھو لانگر نے بتایاکہ نظم شکنی، وقت کی پابندی نہ کرنے اور غیر حاضری کو قطعی بردداشت نہ کیاجائے گا۔