قانون کے چنگل سے بچنا مشکل ہی نہیں ناممکن

قانون کے چنگل سے بچنا مشکل ہی نہیں ناممکن
ریاسی میں 35برس بعد مفرور ملزم گرفتار، ضمانت پر رہا
الطاف حسین جنجوعہ
جموں//اگر آپ کے خلاف کسی بھی پولیس تھانہ میں کوئی فوجداری مقدمہ درج ہے اور آپ پولیس سے راہ ِ فرار اختیار کر کے یہ سوچتے ہیں کہ قانون کے چنگل سے بچ جائیں گے تو آپ غلط ہیں۔ پولیس تھانہ یا عدالت میں درج مقدمے سے اِس طرح جان چھڑانا مشکل ہی نہیں ناممکن سا ہے۔ اس سے بہتر ہے کہ آپ مقدمے کی پیروی کریں اور اِس کے جلد سے جلد تصفیہ کے لئے قانونی چارہ جوئی کریں۔پیر کے روز ضلع ریاسی کی پولیس نے 35برس پرانے مقدمہ میں ایک مفرور ملزم کو گرفتار کیاہے۔ سننے اور پڑھنے میں یہ بات عجیب ضرور لگتی ہے مگر سچ ہے۔ پولیس تھانہ ارناس میں سال1986کو محمد شفیع ولد لالہ بکروال سکنہ مٹلوٹ کے خلاف تعزیرات ِ ہند کی دفعات406, 34اور224رنبیر پینل کوڈ مقدمہ درج کیاگیاتھا۔ 6نومبر 1986کو شیوسرن نامی شخص نے شکایت درج کرائی تھی کہ اُس کی بھیڑیں جومحمد شفیع کو چرانے اور دیکھ بھال کے لئے دی گئی تھیں،کو اُس نے کسی کو فروخت کر دیاجوکہ اعتماد بھروسے کی خلاف ورزی ہے۔ تحریری شکایت پر پولیس نے ایف آئی آر128/1986درج کر تحقیقات شروع کی ۔ پولیس کے مطابق ملزم فرار ہوگیا، کافی تلاش وبیسار کے بعد 8جنوری1987کو اِس کی گرفتاری عمل میں لائی گئی لیکن وہ پولیس تحویل سے بھاگنے میں کامیاب رہا۔ دفعہ224آر پی سی کے تحت ایک اور ایف آئی آر6/1987بھی مذکورہ ملزم کے خلاف دائر کی گئی اور وہ کشمیر میں اپنے مقامات ایک جگہ سے دوسری جگہ تبدیل کرتا رہا۔ اس اثناءتحقیقاتی افسر نے ملزم کے خلاف الزامات کی تحقیق کر کے دونوں چالان عدالتوں میں پیش کئے گئے۔ مہور عدالت نے 17جولائی1987اور29ستمبر1987کو 512فوجداری کے تحت وارنٹ جاری کئے لیکن ملزم 35برس تک پولیس کو چکما دینے میں کامیاب رہا۔ پولیس نے بتایاکہ مصدقہ اطلاع ملنے پر پولیس تھانہ ارناس کی ٹیم نے ضلع رام بن کے بانہال علاقہ میں پڑنے والی ایک ڈھوک سے ملزم کی گرفتاری عمل میں لائی اور اُس سے عدالت میں پیش کیاگیا، فاضل عدالت نے ملزم کو مبلغ50ہزار روپے ذاتی مچلکہ پر عبوری ضمانت پر چار دن کے لئے رہا کر دیا۔ ایس ایس پی ریاسی شلیندر سنگھ نے بتایاکہ پولیس ٹیم ہرممکن کوشش کر رہی ہے کہ مجرمانہ نوعیت اور مفرور ملزمین کو پکڑ کر سلاخوں کے پیچھے کیاجائے تاکہ امن پسند شہری سکون کی نیند سو سکیں۔ انہوں نے بتایاکہ مفرور ملزمین کی گرفتاری کے لئے بڑے پیمانے پر مہم شروع کی ہے اور پچھلے چھ ہفتوں کے دوران 11مفرور ملزمین کو حراست میں لیاگیاہے۔