دسویں میںامتیازی پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم کی خواہش آئی اے ایس کر کے ملک و قوم کی خدمت کرنا چاہتا ہوں

محمد اصغر بٹ
ڈوڈہ//گزشتہ روز صوبہ جموں کے گرمائی زون جموں میں دسویں جماعت کے نتائج کا اعلان کیا گیا۔جس میں ایس پی سمارٹ سکول نے سب سے زیادہ پوزیشن حاصل کی ہیں۔خطہ چناب ضلع ڈوڈہ سے تعلق رکھنے والے ایک طالبعلم مومن اصلاحی نے سب سے زیادہ نمبرات حاصل کرکے پہلا مقام حاصل کیا ہے۔ایس پی سمارٹ سکول کے طالبعلم مومن اصلاحی نے دسویں جماعت میں 99فیصدی نمبرات حاصل کئے ہیں۔مومن اصلاحی خطہ چناب ضلع ڈوڈہ کے شیواہ گاؤں کا رہنا والا ہے اور جموں میں کرایہ پر رہائش پذیر ہے۔نمائندہ اْڑان کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے اوّل مقام حاصل کرنے والے مومن اصلاحی نے بتایا کہ وہ بہت ہی خوشی محسوس کر رہے ہیں۔اور بتایا کہ اس کامیابی کے پیچھے محنت لگن ، والدین ،سکول کے اْساتذہ کا تعاون شامل ہے۔مومن نے بتایا کہ ،میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں پھر والدین اور اپنے اْساتذہ کا شکر گزار ہوں جنہوں نے میری ہر سطح پر رہنمائی کی ہے۔واضح رہے کہ دسویں جماعت کے نتائج میں پہلی دس پوزیشن میں خطہ کے چناب کے دو اضلاع کے طلباء نے پہلے پانچ پوزیشن پر قبضہ جمایا ہے۔مومن ڈوڈہ کے ایک گاؤں شیواہ میں پیدا ہوا اور ابتدائی تعلیم ڈوڈہ کے ایک نجی سکول(لیٹل اینجل ) میں حاصل کی۔مومن نے پہلی جماعت سے دسویں تک پہلا مقام حاصل کیا ہے۔مومن کے والد نے بتایا کہ وہ کافی ذہین ہے اور پہلی جماعت سے ہی اْس کو سکول جانے کا کافی شوق تھا۔آٹھویں جماعت میں بھی مومن نے سرمائی زون جموں میں اوّل مقام حاصل کیا تھا اس کے بعد بہتر اور معیاری تعلیم حاصل کرنے کی غرض سے مومن کو جموں کے ایس پی سکول میں داخلہ انٹرنس میں کامیاب ہونے کے بعد مل گیا۔اور دو سال کے اندر مومن نے اپنی محنت لگن اور قابلیت کے بل بوتے جموں کے معروف تعلیمی اِداروں میں زیر تعلیم بچّوں میں اوّل مقام حاصل کیا۔مومن نے بتایا کہ خطہ چناب سے نکل کر جموں کے کلچر میں خود کو ڈھالنا بہت مشکل تھا تمام نئے دوست بنے پھر نئے طرز کی تعلیم ملی جس سے کافی فائدہ حاصل ہوا۔مومن کی والدہ نے بتایا کہ ماں کی خوشی اْس کی اولاد میں ہوتی ہے اور اس وقت اْن کو دلّی سکون ملا ہے۔گھر پر مہانوں ،ہمسایوں ،رشتہ داروں کا تانتا لگا ہوا ہے۔سب مبارکباد پیش کر رہے ہیں اور فون کے ذریعے جموں کشمیر کے مختلف کونوں سے مبارکبادی کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔مومن اصلاحی نے بتایا کہ وہ آئی اے ایس آفیسر بن کر اپنے سماج اور خطہ چناب کے عوام کی خدمت کرنا چاہتے اور اپنے والدین کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ڈوڈہ کی مختلف سیاسی سماجی تنظیموں نے مومن اصلاحی کو مبارکباد پیش کی ہے۔اور مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔