منڈ ی میں انسانیت سوز واقعہ، باپ نے بیٹی کا قتل کر کے دفنا دیا، تین رو زبعد قبر کشائی

منڈ ی میں انسانیت سوز واقعہ
باپ نے بیٹی کا قتل کر کے دفنا دیا، تین رو زبعد قبر کشائی
سرفراز چک
منڈی//ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے علاقہ دھڑہ فتح پور میں انسانیت سوز اور دل دہلادینے والا واقع پیش آیا ہے جہاں ایک بے رحم باپ نے اپنی 13سالہ بچی کو قتل کر کے اکیلے ہی جنازہ پڑھ کر اُسے دفن کر دیا۔تین روز بعد پیر کے روز شام کو پولیس کو اِس کی بھنک لگی جس نے فوری حرکت میں آتے ہوئے سنگ دل باپ جس کی شناخت ریاض احمد ولد دین محمد کے طور کی گئی ہے، کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق مذکورہ شخص نے اقبال ِ جرم کیا جس کے انکشاف پر تحصیلدار منڈی اور ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر کی زیر نگرانی قبرکشائی کر کے بچی کی نعش نکالی گئی۔ اُس کا پوسٹ مارٹم کیاگیا اور جانچ کے لئے سمپل لئے گئے۔ بچی کے جسم پر بہت زیادہ زخم تھے جس سے بادی النظر میں ظاہر ہوتا ہے کہ قتل سے قبل اُس کا بہت زیادہ تشدد کیاگیا۔ ایس ایس پی پونچھ رمیش انگرال نے بتایاکہ ڈی ایس پی پونچھ مدثر چوہدری اور ایس ایچ او منڈی تلک راج کی سربراہی میں پولیس ٹیم موقع پر گئی تھی، مزل نے اقبال جرم کیا ہے۔ اس کے خلاف پولیس تھانہ منڈی میں ایف آئی آر نمبر51/2020زیر دفعہ 302مقدمہ درج کر تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر پونچھ کی قیادت میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ مقامی لوگوں میں اِس واقع کو لیکر کافی غم وغصہ پایاجاتاہے، متعدد افراد کا الزام ہے کہ یہ شخص ماضی میں بھی اس طرح کئی قتل کر چکا ہے اور اِس کا شکار زیادہ حقیقی رشتہ دار بنے ہیںاور یہ قاتلانہ ذہنیت کا شخص ہے ، مگر پولیس نے ابھی ا ن الزامات کی تصدیق نہ کی ہے۔