ملٹری اسٹیشن نگروٹہ میں اعلیٰ سطحی سیکورٹی اجلاس صوبہ جموں میں حفاظتی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیاگیا

الطاف حسین جنجوعہ
جموں//وائٹ نائٹ کارپس کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پرمجیت سنگھ کی صدارت میں نگروٹہ ملٹری اسٹیشن پر اعلیٰ سطحی مشن ریچ آؤٹ کانفرنس منعقد ہوئی جس میں صوبہ جموں کے اندر جموں وکشمیر ریاست سے دفعہ370کی منسوخی کے بعد پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ لیاگیا۔ذرائع کے مطابق اِس کانفرنس میں صوبائی کمشنر جموں سنجیو ورما کے علاوہ سول انتظامیہ، جموں وکشمیر پولیس، سی آر پی ایف اور خفیہ ایجنسیوں کے نمائندے بھی موجود تھے۔اس دوران موجودہ حفاظتی صورتحال اور سیکورٹی ایجنسیوں وسول انتظامیہ کی طرف سے کی گئی تیاریوں کو زیر بحث لایاگیا۔اجلاس میں بتایاگیاکہ جموں صوبہ کے اندر سورتحال پر امن ہے اور5اگست2019کو دفعہ370کی منسوخی کے بعد کہیں سے بھی کوئی ناخوشگوار واقع پیش نہ آیا۔ کارپس کمانڈر نے امن، ہم آہنگی اور سازگار ماحول قائم رکھنے کے لئے فوج، سول انتظامیہ اور دیگر سیکورٹی اداروں کے باہمی تال میل کی ستائش کی۔کانفرنس کے دوران صوبائی کمشنر نے تمام بنیادی ضروریات اور خدمات کی مناسب دستیاب رکھنے کا یقین دلایا۔انہوں نے مزید بتایاکہ خطہ میں حالات معمول پر ہونے سے عام عامہ نے اسکول وتعلیمی ادارے کھولنے کی گذارش کی جس کو مان کر شہر جموں میں 10اگست سے اسکول کھول دیئے گئے۔انہوں نے مزید بتایاکہ دیگر علاقہ جات میں بھی جلد سکول وادارے کام کرنا شروع کر دیں گے۔ انہوں نے اے ٹی ایم اور بنکوں کی معمول کے مطابق فعالیت اور دستیابی کا بھی یقین دلایا۔ نماز جمعہ کے وقت دفعہ370بارے کوئی بات نہ ہوئی اورعوام نے حکومت کی پالیسیوں کا خیر مقدم کیا۔دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل دویندر آنند کے مطابق کارپس کمانڈر نے بتایاکہ فوج نے ’مشن ریچ آؤٹ‘کے تحت کئی اقدامات کئے ہیں جن میں جہاں جہاں ضرورت ہے، وہاں پر موبائل طبی کیئر یونٹس اور ادویات ، خاتون میڈیکل افسر دستیاب رکھی گئی ہے۔ کئی علاقوں میں پانی سپلائی کیاگیاہے۔ راشن بھی دیاجارہاہے، مریضوں کو اسپتال تک پہنچانے کے لئے ٹرانسپورٹیشن کا انتظام کیاگیا، عوام کو اپنے رشتہ داروں سے ملاقات کرنے کے لئے فوج نے موبائل خدمات بھی فراہم کیں۔ اس کے علاوہ دکانوں سے روزگرمرہ استعمال کی چیزیں بھی دستیاب کی جارہی ہیں۔ نوجوانوں، سماج کے ذی شعور افراد، مذہبی رہنماؤں سے بھی بات چیت کر کے ان کا قیام امن کے لئے تعاون حاصل کیاگیا۔ انہوں نے یقین دلایاکہ عوام کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے ، اس کیلئے فوج کی کوششیں جاری رہیں گیں۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔