چٹانیں کھسکنے اور برف باری سری نگر جموں شاہراہ ایک بار پھر بند

اران نیوز
بانہال //وادی کشمیر کو ملک وبیرون دنیا کے ساتھ جوڑنے والی جموں سرینگر جموں قومی شاہراہ بانہال میں چٹانیں کھسک آنے اور جواہر ٹنل کے آرپار ہلکی برف باری کے باعث پیر کے روز ٹریفک کی نقل وحمل کے لئے ایک بار پھر بند ہوگئی۔ایک ٹریفک عہدیدار نے بتایا کہ سری نگر۔جموں قومی شاہراہ کو بانہال میں چٹانیں کھسک آنے، جواہرٹنل کے آرپار ہلکی برف باری ہونے اور کئی مقامات پر بارشیں ہونے کی وجہ سے پیر کے روز ایک بار پھر ٹریفک کی نقل وحمل کے لئے بند رکھنا پڑا۔انہوں نے بتایا کہ وادی کے مختلف حصوں سے پیر کی صبح سینکڑوں گاڑیاں بشمول مسافر بردار گاڑیاں جموں کے لئے روانہ ہوئی تھیں۔دریں اثنا صوبہ لداخ کو وادی کے ساتھ جوڑنے والی قومی شاہراہ اور تاریخی مغل روڑ سال گذشتہ کے ماہ دسمبر سے لگاتار بند ہے۔ادھر محکمہ موسمیات نے جموں کشمیر میں برف وباراں کی پش گوئی کی ہے۔قابل ذکر ہے کہ قومی شاہراہ یک طرفہ ٹریفک کے لئے کئی دنوں سے لگاتار کھلی رہنے سے وادی میں اشیائے ضروریہ کی قلت کافی حد تک دور ہوئی ہے۔