کشتواڑ سے درمانہ مسافروں کی پیدل مڑواہ روانگی مرگن ٹاپ میںسردی سے ایک شخص کی موت، نعش کی بازیابی کی کوششیں جاری

ذوالفقارعلی
کشتواڑ//بھاری برفباری کے بعدضلع کشتواڑ کے تحصیل مڑواہ واڑوان علاقے کی رابطہ سڑک بند ہونے کی وجہ سے گذشتہ روزکشتواڑ سے 9افراد پر مشتمل ایک گروپ مڑواہ کے لئے براستہ مرگن ٹاپ پیدل گھر کی طرف روانہ ہوالیکن شدید سردی کی وجہ سے ان میں سے ایک شخص کی مرگن ٹاپ کے مقام موت واقع ہوئی ہے ۔اس شخص کے ساتھ دیگر لوگوںنے بتایا کہ رات کے وقت مرگن ٹاپ پہنچنے کے دوران الطاف حسین ولد غلام نبی وانی ساکنہ بسمنا مرگن ٹاپ سردی کی شدت برداشت نہ کر نے کی وجہ سے لقمہ اجل بن گیا۔ مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقے میں رابطہ سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے اگر چہ ہوئی سروس شروع کر دی گئی ہے لیکن بیشتر لوگوں کو ٹکٹیں نہ ملنے کی وجہ سے وہدچھن اور مرگن ٹاپ کے راستے دس فٹ سے زائید برف میں پیدل چلنے کو مجبور ہو رہے ہیں ۔اس سلسلے میں ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ کے رابطے میںہیں اور مارے گئے شخص کے بارے میں پتہ لگایا جا رہا ہے ۔ آخری اطلات آنے تک نعش لاش کی تلاش جاری تھی ۔مقامی لوگوں کے مطابق علاقہ کاسڑک رابطہ پوری طرح سے منقطع ہے ۔اس دور دراز کے مجبور عوام کسمپرسی کی زندگی گذار رہے ہیں ۔ان کا کہنا ہے کہ راستے میں جگہ جگہ پر گلیشر آئے ہوئے ہیں جسکی وجہ سے لوگوں کو سفر کر نے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ رابطہ کرنے پر ضلع ترقیاتی کمشنر انگریز سنگھ رانا نے اڑان کو بتایاکہ اس وقت مڑواہ واڑوان میں برف بھاری سے زمینی راستے منقطع ہوئے ہیں ۔مڑواہ واڑوان کے لوگوں کے لئے ہوائی سروس لگائی گئی ہے لیکن کئی لوگوں کو وقت پر ٹکٹ نہیں مل رہی ہے اور کچھ لوگ پیدل سفر کر نے پر مجبور ہورہے ہیں جبکہ کچھ لوگ اننت ناگ کے راستے سے سفر کر کے مرگن ٹاپ سے ہوتے ہوئے واڑوان جار ہے ہیں ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے مزید کہا کہ’’ میں نے اننت ناگ ڈپٹی کمشنر سے فون پر اربطہ کر کے تفصیلی جانکاری لی گئی ہے جبکہ واڑوان کے لوگوں سے بھی رابطہ جاری ہے ‘‘۔ اُنہوں نے کہا کہ مرگن ٹاپ پر برف کے بیچ مارا گئے شخص کی تلاش جاری ہے اور آخری اطلات ملنے تک لاش ملنے کی کوئی بھی خبر موصول نہ ہوئی تھی۔