محبوبہ مفتی کا آر ایس پورہ دورہ ، شیلنگ متاثرین سے اظہار تعزیت کہا’ لوگ امن و امان سے رہنا چاہتے ہیں،

اڑان نیوز
جموں//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے آج آر ایس پورہ کا دورہ کر کے اُن کنبوں سے تعزیت کا اظہار کیا جن کے افراد خانہ گذشتہ چند دنوں سے ارنیہ اور آر ایس پورہ میں کراس بارڈر شیلنگ سے جان بحق ہوئے تھے۔مقامی لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے ہلاکتوں کو بدقسمتی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہلاکتیں اُس وقت ہوئی ہیں جب ماہ رمضان شروع ہی ہوا تھا اور لوگوں نے ریاست میں سیکورٹی اپریشنوں کو ملتوی کرنے کے مرکزی سرکار کے فیصلے سے راحت کی سانس لی تھی۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ ریاستی عوام جنہیں ماضی میں کافی مشکل حالات سے گذرنا پڑا ہے، وہ تشدد اور ہلاکتوں سے دور امن و امان کی زندگی گذرانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی آپریشنوں کو موخر کرنے کے مرکز کے فیصلے سے عوام میں اُمیدیں جگی ہیں جو تمام شراکت داروں کی طرف سے اس فیصلے کا مثبت رد عمل چاہتے ہیں تا کہ ریاست کو غیر یقینی صورتحال اور ہلاکتوں کے بھنور سے باہر نکالا جاسکے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پوری دُنیا میں امن و امان پر مبنی شراکت داری اختیار کی جارہی ہے کیوں کہ تضاد اور تشدد کے نتیجہ میں ہلاکتوں اور تباہی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح شمالی اور جنوبی کوریا نے پُر امن شراکت داری کے ذریعے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے وہ پوری دُنیا کے لئے حوصلہ افزا بات ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ مسائل چاہے کتنے بھی پیچیدہ ہوں آخر کار بات چیت سے ہی حل کئے جاسکتے ہیں۔اس موقعہ پر وزیر اعلیٰ نے مہلوکین کے لواحقین میں فی کس ایک لاکھ روپے کی نقد امداد تقسیم کی جو صوبائی انتظامیہ کی طرف سے فراہم شدہ ایکس گریشیا ریلیف کے علاوہ ہے۔انہوں نے صوبائی انتظامیہ جموں کو شیلنگ کی وجہ سے مکانوں کو ہوئے نقصانات پر ایک رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے مہلوکین کے افراد خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی ارواح کے ابدی سکون کے لئے بھی دُعا کی۔نائب وزیر اعلیٰ کویندر گپتا، پی ایچ ای، اری گیشن اور فلڈ کنٹرول کے وزیر شام چودھری،ایم ایل اے گگن بھگت، وائس چئیرمین ایس سی بورڈ بھوشن ڈوگرہ، ڈویثرنل کمشنر جموں ہمنت کمار شرما،آئی جی پی جموں زون ڈاکٹر ایس ڈی ایس جموال اورصوبائی و ضلع انتظامیہ کے افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔