وکلاء انصاف کی فراہمی کے نظام میں کلیدی رول ادا کرتے ہیں:چیف جسٹس بدر دریز احمد

اڑان نیوز
اودھم پور//جموں وکشمیر ہائی کورٹ کے چیف جسٹس، جسٹس بدر دریز احمد نے کل حال ہی میں تعمیر کئے گئے ضلع کورٹ کمپلیکس اودہمپور کا افتتاح کیا۔ان کے ہمراہ اودہمپور ضلع کے انتظامی جج جسٹس آلوک ارادھے بھی تھے۔افتتاحی تقریب میں رجسٹرار جنرل جموں وکشمیر ہائی کورٹ سنجے دھر، چیف جسٹس کے پرنسپل سیکرٹری جواد احمد، ایم ڈی جے کے پی سی سی وقار مصطفی، پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن اودہمپور کے ایس پریہار، ایڈیشنل سیشن جج جی ایل بوریہ، سب جج سی جے ایم بی آئی جسوال، سب جج سپیشل موبائل مجسٹریٹ سندیپ کور، ایڈیشنل موبائل مجسٹریٹ انجنا راجپوت، ڈسٹرکٹ موبائل مجسٹریٹ اجے کمار، منصف جنید امتیاز میر، ڈپٹی کمشنر رویندر کمار،صدر بار ایسوسی ایشن جموں بی ایس سلاتھیہ، صدر بار اودہمپور سریندر کھجوریہ کے علاوہ کئی دیگر افسران اور معزز شخصیات اس موقعہ پر موجود تھیں۔نیا کورٹ کمپلیکس14.68 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے ا ور اس میں دو بلاکوں میں6 عدالتوں سمیت دیگر جدید سہولیات دستیاب ہیں۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس جموں وکشمیر ہائی کورٹ جسٹس بدر دریز احمد نے کہا کہ عدالتوں میں بنیادی ڈھانچہ کو بڑھاوا دینے کا مقصد یہ ہے کہ انصاف کی مناسب فراہمی کے لئے ساز گار ماحول قائم کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ وکلاء جے ڈی ایس نظام میں ایک اہم رول ادا کرتے ہیں اور ان کا کام محض عدالتوں میں حاضری دینا نہیں بلکہ عام لوگوں تک بروقت انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔عدالتوں میں نئی ٹیکنالوجی کے استعمال کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ ای۔ کورٹس پروجیکٹ کی بدولت وکلاء کے روز مرہ کے کام کاج میں اسانی پیدا ہوئی اور عام لوگوں کو اپنی جگہوں پر ہی انصاف مہیا ہوگا۔انہوں نے نوجوان پوداور سینئر بار ارکان سے اپیل کی کہ وہ اس ٹیکنالوجی کو بھرپور ڈھنگ سے استعمال میں لائیں تا کہ عام لوگوں کو فائدہ ہوسکے۔انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ اودہمپور کے لئے انتظامی جج جو جموں وکشمیر ہائی کورٹ کی کمپیوٹرکمیٹی کے چئیرمین بھی ہیں، اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ یہ ٹیکنالوجی ریاست کے ہر ایک کونے میں بروئے کار لائی جائے۔چیف جسٹس نے کورٹ عمارت کو کم سے کم مدت میں مکمل کرانے کے لئے جسٹس آرادھے اور پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اودہمپور ککر سنگھ پریہار کی کاوشوں کی تعریف کی۔ا س سے قبل ضلع کورٹ کمپلیکس اودہمپور پہنچنے پر چیف جسٹس کا والہانہ استقبال کیا گیا اور جموں وکشمیر پولیس کے ایک دستے نے اُن کے ا عزاز میں گارڈ آف آنر پیش کیا۔پرنسپل ڈسٹرکٹ سیشن جج اودہمپور نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جب کہ ایڈیشنل سیشن جج اودہم پور نے شکریہ کی تحریک پیش کی۔افتتاحی تقریب کی کاروائی سب جج سپیشل موبائل مجسٹریٹ سندیپ کور نے انجام دی۔