قومی شاہراہ پر یک طرفہ ٹریفک بحال سینکڑوں گاڑیاں جموں سے سرینگر کی طرف روانہ ، درماندہ مسافروں نے راحت کی سانس لی

دانش وانی
بانہال // گزشتہ شام قومی شاہراہ جزوی طور بحال کر نے اور درماندہ گاڑیوں کو نکالنے کے بعد جمعہ کو یک طرفہ ٹریفک کے لئے بحال کر دی گئی اور سینکڑوں گاڑیاں جموں سے سرینگر کی طرف روانہ ہوئیں ۔ شام دیر گئے تک سینکڑوں مال و مسافر بردار گاڑیاں جواہر ٹنل پار کر کے وادی کی طرف روا ں دواں تھیں ۔ شاہراہ پر ٹریفک بحال ہونے کے بعد درماندہ مسافروں نے راحت کی سانس لی ہے ۔وادی کی طرف جانے والے مسافروں کی بھاری رش کی وجہ سے چھوٹی مسافر گاڑیوں کے علاوہ بڑی مسافر بسیں بھی چلیں جن میں شاہراہ کے بند ہونے کے باعث جموں میں درماندہ مسافر، جن میں بچے ،بزرگ اور خواتین بھی شامل تھیں، وادی کی طرف روانہ ہوئے۔اس دوران بانہال ریلوے سٹیشن سے بھی کچھ چھوٹی مسافر گاڑیوں کو جموں کی طرف جانے کی اجازت دی گئی ۔