لال سنگھ نے بسوہلی حلقہ کا تفصیلی دورہ کیا

بسوہلی // جنگلات و ماحولیات کے وزیر چودھری لال سنگھ نے آج بسوہلی حلقے کا تفصیلی دورہ کر کے وہاں کئی ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیر موصوف نے وہاں لگ بھگ23 کاموں کا سنگ بنیاد رکھا جن کا تعلق زیادہ تر گلی کوچوں اور گلیوں سے تھا۔انہوں نے سولا گاؤں میں10 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے ایک کھیل میدان کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔ لال سنگھ نے کہا کہ حکومت دیہی علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کو بڑھاوا دینے کے لئے خاطر خواہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بسوہلی حلقہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے کئی کام ہاتھ میں لئے گئے ہیں۔وزیر نے اس موقعہ پر کئی عوامی وفود سے بھی ملاقات کی جنہوں نے اپنے اپنے مسائل کے بارے میں انہیں جانکاری دی۔لال سنگھ نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ لوگوں کے جائیز مطالبات کو جلد از جلد پورا کریں تا کہ انہیں کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ریاست کے تینوں خطوں کی متوازی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر اقدامات کر رہی ہے اور حکومت پر یہ بات لازم ہے کہ تمام لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت لوگوں کے مسائل سے واقف ہے اور اس سلسلے میں ضروری منصوبے ترتیب دیئے جارہے ہیں تا کہ ان کی ترقیاتی ضروریات پوری کی جاسکیں۔