جموں شہر کی مختلف درگاہوں کا دورہ اندرابی نے امن ، خوشحالی اور ترقی کی دعا کی

اڑان نیوز
جموں//حج واوقاف کے وزیر مملکت سید فاروق احمد اندرابی نے کل جموں شہر کے مختلف درگاہوں کا دورہ کیا اور وہاں مختلف ترقیاتی کاموں اور عقیدت مندوں کو فراہم کی جارہی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ان درگاہوں میں زیارت پیر بابا پنج پیر منڈاؒ ، حضرت بابا شریف الدین ؒاور حضرت پیر بابا روشن شاہ ولی ؒ شامل ہیں۔وزیرکو اس موقعہ پر عقیدت مندوں کیلئے فراہم کئے جارہے سہولیات اور محکمہ کی طرف سے نئے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے بارے میں تفصیلات دی گئیں۔وزیر نے متعلقین پر زور دیا کہ وہ زیارت پیر بابا پنج پیر منڈاؒ میں خراب پڑی سٹریٹ لائیٹوں کو فوراً نئی سٹریٹ لائیٹوں سے بدلا جائے۔انہوںنے زیارت گاہ میں فٹ پاتھ کی مرمت کرنے اور زیارت گاہ کے ارد گرد صحت و صفائی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔زیارت بابا شریف الدین ؒ کے دور ے کے دوران وزیر نے زیارت گاہ کی فوری مرمت اور دیدۂ ذیبی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔اندرابی نے ان درگاہوں کے دورے کے دوران خصوصی دعائیہ مجلس میں حصہ لیا اور ریاست کے امن ، خوشحالی اور ترقی کے لئے دعا کی۔سی ای او اوقاف اسلامیہ راج محمد ، ایڈمنسٹریٹر اوقاف اسلامیہ جموں وسیم راجا خان و دیگر متعلقین وزیر کے ہمراہ تھے۔