نائب وزیر اعلیٰ کا لداخ کا دورہ کئی ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا

????????????????????????????????????

لیہہ// نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے آج لداخ کے دورے کے دوسرے روز لیہہ کی مارکیٹ میں زیر زمین کیبلنگ کے کام کا افتتاح کیا۔ یہ پروجیکٹ253.31 لاکھ روپے کی لاگت سے عملایا گیا ہے۔اس موقعہ پر ایل اے ایچ ڈی سی کے چیف ایگزیکٹو کونسلر ڈاکٹر سونم داوا کے علاوہ دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔اس سے پہلے نائب وزیر اعلیٰ نے چو کھانگ وہارا میں لوسر تقریبات میں بھی مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔اس موقعہ پر نائب وزیر اعلیٰ نے لوگوں کو لوسر کی مبارک باد دی اور اُمید ظاہر کی کہ یہ تہوار پورے لداخ خطے کی خوشحالی اور ترقی کا باعث بنے۔ اس دوران ایل بی اے کی طرف سے انہیں مطالبات پر مبنی ایک یاداشت پیش کی گئی۔نائب وزیر اعلیٰ نے انہیں یقین دلایا کہ ان مطالبات کو متعلقین تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے خطے کی ترقیاتی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے کونسل کی ستائش کی۔بعد میں ڈاکٹر سنگھ نے دریائے انڈس پر ایک پُل کا بھی افتتاح کیا۔ انہوں نے اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی اور ریاستی سرکاریں لداخ کو ترقی یافتہ بنانے کے لئے پُر عزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔اس پُل کو3.17 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔کونسل کے سی ای سی ڈاکٹر سونم داوا نے اس پُل کے مکمل ہونے پر لوگوں کو مبارک باد دی اور کہا کہ اس کی بدولت لوگوں کو عبور ومرور کی بہتر سہولیات دستیاب ہوں گی۔ڈاکٹر نرمل سنگھ نے19 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی17 کلو میٹر لمبی چوگلمسر۔ ہیمنس سڑک کا بھی افتتاح کیا۔ دورے کے دوران نائب وزیر اعلیٰ نے کئی دیگر ترقیاتی پروجیکٹوں کا بھی معائنہ کیا۔اس دوران انہوں نے افسروں پر زور دیا کہ وہ ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لئے مزید تندہی اور لگن کے ساتھ کام کریں تا کہ لوگوں کو فائدہ مل سکے۔