سنیل شرما نے لڑکوں کیلئے وشو ٹورنامنٹ کا آغاز کیا کہا نوجوانوں کی سماجی اور ذہنی نشو و نما کیلئے کھیل کود لازمی

اڑان نیوز
جموں//ٹرانسپورٹ اور کھیل کود کے وزیر مملکت سنیل کمار شرما نے بی ایس ایف گراؤنڈ پلوڑہ میں 63 ویں قومی سکول گیمز کے تحت کھیلے جا رہے یو ۔ 17 اور یو ۔ 19 وشو ٹورنامنٹ کا آغاز کیا ۔ اس ٹورنامنٹ میں ملک بھر کی 15 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں ۔ اس موقعہ پر ایڈیشنل سیکرٹری یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس رجنیش کمار ، ڈائریکٹر یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس شیخ فیاض کے علاوہ متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔ وزیر موصوف نے خطاب کرتے ہوئے کھلاڑیوں سے کہا کہ وہ اس ٹورنامنٹ میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ کھیل سرگرمیاں نوجوان پود کو مختلف سطحوں پر بااختیار بنانے میں ایک اہم رول ادا کرتی ہیں ۔ انہوں نے افسروں پر زور دیا کہ وہ مزید تندہی اور لگن کے ساتھ کام کر کے نوجوانوں میں کھیل صلاحیتوں کو اجاگر کریں ۔ علاوہ ازیں وزیر نے کہا کہ محکمے کو اس طرح کی کھیل سرگرمیوں کا ریاست بھر میں انعقاد کرنا چاہئیے تا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا موقعہ مل سکے ۔ وزیر نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں شریک کھلاڑی امن کے سفیر بن کر ملک بھر میں امن اور رواداری کے پیغام کو عام کریں گے ۔ اس موقعہ پر مختلف سکولوں سے تعلق رکھنے والے طلاب نے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کیا ۔