تعلیمی شعبے کو توسیع دینے کا اقدام 16نئے ڈگری کالجوں کا قیام ، 400سکولوں کا درجہ بڑھایا جارہا ہے۔الطاف بخاری

جموں//حکومت نے ریاست میں تعلیمی سیکٹر کو دوام بخشنے کے لئے 400سکولوں کا درجہ بڑھانے اور 16نئے ڈگری کالج قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ جانکاری آج وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے ایک نجی سکول کے سالانہ دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 200 ہائی سکولوں کو ہائیر سکینڈری سطح تک جبکہ 200 مڈل سکولوں کو ہائی سکول سطح تک بڑھاوا دیا جائے گاتاکہ بچوں کو حصول تعلیم کےلئے دور دور کی مسافتیں طے نہ کرنا پڑے۔وزیر نے جانکاری دی کہ حکومت مختلف علاقوںمیں 16 نئے ڈگری کالج قائم کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کئی اہم تحصیل ابھی بھی اعلیٰ تعلیم کی سہولیت سے محروم ہےں اور وہاں یہ سہولیت بہم کرائی جارہی ہے۔وائس چیئرمین ہینڈی کرافٹ اینڈ ہینڈ لوم ڈیولپمنٹ کارپوریشن محمد نظام الدین بٹ بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔ علاوہ ازیں کمشنر سیکرٹری تعلیم فاروق احمد شاہ ، ناظم تعلیم جموں رویندر سنگھ، پروجیکٹ ڈائریکٹر ایس ایس اے ، اے آر وار اورڈائریکٹر آر ایم ایس اے طفیل متو بھی تقریب پر موجود تھے۔