کیلر میں کیش وین پر حملہ، 2 سیکورٹی گارڈ ہلاک

یو ا ین آئی
سری نگر// جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان میں پیر کو مشتبہ جنگجوؤں نے جموں وکشمیر بینک کی ایک کیش وین پر اندھا دھند فائرنگ کرکے بینک سے وابستہ دو پرائیویٹ سیکورٹی گارڈوں کو ہلاک کردیا۔ یہ واقعہ شوپیان کے پجو کیلر میں پیش آیا ۔ جنوبی کشمیر کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس (ڈی آئی جی) ایس پی پانی نے بتایا ’شوپیان میں جنگجوؤں نے جموں وکشمیر بینک کی کیش وین پر حملہ کیا۔ اس حملے میں بینک کے دو گارڈ جاں بحق ہوئے۔ کوئی کیش نہیں لوٹا گیا ۔ ڈرائیور کی حالت مستحکم ہے‘۔ جائے واردات پر ایک سیکورٹی عہدیدار نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ حملہ آور پرائیویٹ سیکورٹی گارڈوں کی 12 بور بندوقیں لیکر فرار ہوگئے ہیں۔ انہوں نے بتایا ’اگرچہ کیش وین بلٹ پروف تھی، لیکن باوجود اس میں موجود دو بینک گارڈ جاں بحق ہوئے۔ ان کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی تھی‘۔ سرکاری ذرائع نے مہلوک سیکورٹی گارڈوں کی شناخت 30 سالہ مشتاق احمد ساکنہ اننت ناگ اور 25 سالہ طارق احمد ساکنہ تملہال پلوامہ کے طور کردی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پوجو کیلر میں گھات میں بیٹھے جنگجوؤں نے جموں وکشمیر بینک کی کیش وین پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو سیکورٹی گارڈ زخمی ہوئے۔ یہ کیش وین شادی مرگ سے کیلر جارہی تھی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ دونوں زخموں کو فوری طور پر ضلع اسپتال پلوامہ منتقل کیا گیا، لیکن وہاں انہیں مردہ قرار دیا گیا۔ ایک رپورٹ میں ضلع اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ کے حوالے سے کہا گیا کہ دونوں زخمی اسپتال پہنچائے جانے سے قبل ہی دم توڑ چکے تھے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ دونوں زخمیوں کے بدن میں متعدد گولیاں پیوست ہوچکی تھیں۔ بتایا جارہا ہے کہ حملہ کا نشانہ بننے والی کیش وین میں کوئی نقدی نہیں تھی۔ یہ وادی کشمیر میں رواں برس اپنی نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے۔ یکم مئی کو مشتبہ جنگجوؤں نے ضلع کولگام کے پومبی نامی گاؤں میں جموں وکشمیر بینک کی کیش وین پر اندھا دھند فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں ریاستی پولیس کے 5 اہلکار اور بینک کے 2 ملازم جاں بحق ہوگئے تھے ۔ مسلح حملہ آور مارے گئے پولیس اہلکاروں کے ہتھیار بھی اڑا کر لے گئے تھے۔ وادی میں سرگرم جنگجو تنظیم حزب المجاہدین (ایچ ایم) نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرلی تھی۔ تاہم تنظیم نے دعویٰ کیا تھا کہ بینک ملازموں کو جنگجوؤں نے نہیں بلکہ سی آر پی ایف اہلکاروں نے ہلاک کیا ۔ یو این آئی