حج 2018کا اعلان سبسڈی ختم سرینگر سے سعودی عرب کا کرایہ سوا لاکھ ہوگا

یو این آئی
سری نگر// مرکزی حکومت نے ’’جموں وکشمیرکے عازمین حج کیلئے سبسڈی ختم‘‘کرنے کاباضابطہ اعلان کرتے ہوئے یہ واضح کردیاہے کہ اب سرینگرسے سعودی عرب تک ہوائی کرایہ سوالاکھ روپے تک ہو گا ۔ مرکزی حج کمیٹی نے حج 2018 کو ’ڈیجیٹل حج‘ قرار دیاہے ۔آئندہ سال کی حج کے سلسلہ کی تمام سرگرمیوں کے آغاز کااعلان کرتے ہوئے مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختارعباس نقوی نے کہاکہ اس مرتبہ 21 روانگی مقامات کو برقرار رکھتے ہوئے عازمین حج کو سفر کے لئے متبادل بھی دیاگیا ہے اور اپنے مسلک کے تحت محرم کے بغیر خواتین کو سفر حج کی سفارش کو نافذکیا جارہاہے۔ جنوبی ممبئی میں واقع حج ہاوس میں منعقدایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مختار عباس نقوی نے کہاکہ اس مرتبہ2سے اڑھائی مہینے قبل حج کی سرگرمیوں کااعلان کرنے کا مرکزی حکومت کامقصد ہے کہ حجاج کرام کو عالمی سطح کی سہولیات فراہم کرائی جائیں۔انہوں مزید کہاکہ فی الحال ملک بھر میں عازمین حج کی روانگی کے 21مراکز برقراررہیں گے، لیکن ان میں سے چند ایک میں متبادل کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ممبئی ،دہلی،کولکتہ ،احمد آباد،بنگلور،چنئی اور حیدرآباد کے علاوہ سری نگر کے لئے نئی دہلی ،گوہاٹی کے بدلے کولکتہ ،ناگپور، اورنگ آباد،بھوپال اور اندور کے متبادل کے طورپرممبئی کو رکھا گیا ہے جبکہ بنارس کے عاز مین حج لکھنوسے جاسکتے ہیں۔مختارعباس نقوی نے مطلع کیا کہ حج سبسڈی ختم ہونے کے نتیجے میں سری نگر اور گوہاٹی کا ہوائی کرایہ سوالاکھ روپے تک پہنچ جائے گا ،لیکن دہلی اور کولکاتہ سے سفر کرنے کی وجہ سے کرایہ میں تقریباً 30سے 35ہزار روپے کی رعایت حاصل ہوگی۔