بالا کوٹ تا منجہ کوٹ مارٹر شیلوں کی برسات افراد7زخمی ، ایک رہائشی مکان ، دو ماروٹی گاڑیاں تباہ کئی مکانات کو جزوی نقصان ،متعدد مویشی ہلاک و زخمی ، لوگوں میں دہشت

طارق خان+جمشید ملک
با لا کوٹ +راجوری // لائن آف کنٹرول پر ضلع پونچھ میں بالا کوٹ سے ضلع راجوری میں منجا کوٹ سیکٹر تک بدھ وار کو بھارت اور پاکستان کی افواج کے مابین شدید ترین گولہ باری کے دوران کم از کم 8افراد زخمی ہو گئے ۔ 5افراد بالاکوٹ سیکٹر میں اور 3افراد ، جن میں 3سالہ بچہ بھی شامل ہے ، راجوری کے منجہ کوٹ سیکٹر میں زخمی ہو ئے۔ گولہ باری کا یہ سلسلہ کئی گھنٹے چلا جس کے دوران چھوٹے اور آٹو میٹک اسلحہ کی فائرنگ کے علاوہ 82ایم ایم اور 120ایم ایم کے مارٹر گو لے داغے گئے ۔ بالا کوٹ سیکٹر میں یہ سلسلہ بدھوار کی صبح 6بج کر 30منٹ پر شروع ہوا اور ساڑھے 11بجے قبل دوپہر تک چلتا رہا ۔ محکمہ دفاع کے ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے بالا کوٹ سیکٹر میں صبح کے وقت کئی علاقوں میں بلا اشتعال گولہ باری شروع کر دی جس کے دوران بھارتی چوکیوں نشانہ بنانے کے علا وہ آبادی والے علاقوں پر بھی مارٹر شیلوں کی برسات کی گئی ۔ ذرائع نے بتایا کہ بھارتی فوج کی طرف سے بھی پاکستان کی طرف سے کی گئی بلا اشتعال گولہ باری کا بھر پور جواب دیا گیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق بالاکوٹ سیکٹر بسونی ، دھراٹی، سنڈوت اور کچھ دیگر دیہات میں درجنوں گولے آ کر گرے جس میں 5افراد افراد زخمی ہو گئے جبکہ کئی مویشی ہلاک اور درجنوں زخمی ہو ئے ۔ اس کے علاوہ ایک رہائشی مکان تباہ ہوا اور متعدد کو جزوی نقصان پہنچا ۔ اس دوران اطلاعات کے مطابق کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ۔ زخمیوں کی شناخت ایاز احمد ولد صدام خان سکنہ دھراٹی عمر 28سال ، طارق محمود ولد عبدالحسین عمر 28سال سکنہ بالا کوٹ ، اُرملا زوجہ پپو عمر 29سال سکنہ چھتر پور مدھیہ پردیش ، بشو ولد شمبھو رام عمر 34سال سکنہ کٹی تحصیل پنچاری ضلع اودہم پور اور کسم زوجہ راکیش کمارعمر 30سال سکنہ چھتر پور مدھیہ پر دیش کے طور پر ہوئی ہے ۔ آخر الذکر 3زخمی بالا کوٹ کے سندوٹ علاقہ میں بطورِ مزدور کام کر رہے تھے ۔ ایاز احمد کی شدیدحالت کی وجہ سے ضلع ہسپتال راجوری پہنچایا گیا ہے جبکہ باقی4زخمیوں کا پرائمری ہیلتھ سنٹر دھارگلون میں داخل کیا گیا ہے ۔ بالاکوٹ کے بھروٹ علاقہ میں دو ماروتی کاریں فائرنگ کی زد میں آ کر مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہیں جبکہ بالاکوٹ کے لنجوٹ علاقہ میں محمد شوکت ولد محمد قاسم کا رہائشی مکان مکمل طور تباہ ہو گیا ہے۔ کئی درجن مکانوں کو جزوی طور نقصان ہوا ہے۔ ضلع راجوری کے منجہ کوٹ سیکٹر میں بریانی گلی ، منگل ناڑ اورحدِ متارکہ سے متصل کچھ دوسرے دیہات میں بھی کئی درجن گولے بستیوں پر آ کر گرے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اس سیکٹر میں تین افراد معمولی طور پر زخمی ہو ئے ہیں جن میں تین سالہ بچہ بھی شامل ہے ۔ان کا مقامی ہسپتال میں علاج چل رہا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ بریانی گلی میں ایک جبکہ منگل ناڑ میں دو افراد زخمی ہوئے ۔ گولہ باری سے متاثرہ دیہات کے لوگوں کے مطابق بدھ کے روز ہونے والی شیلنگ اتنی شدید تھی کہ انہیں پانچ گھنٹے تک اپنے مکانوں کے اندر قید رہنے پر مجبور ہو نا پڑا ۔ زخمی ہونے والوں کو بھی ہسپتال پہنچانے میں کافی وقت لگ گیا کیو نکہ گولہ باری کی شدت کے پیش نظر کوئی بھی باہر نکلنے کو تیار نہ تھا ۔ تازہ گولہ باری کے بعد کنٹرول لائن پر رہنے والوں لوگوں میں ایک بار پھر خوف کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ اس دوران سرحد پار سے موصولہ رپورٹوں کے مطابقپاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پرنکیال سیکٹرکے مواضعات میں علی الصبح بلا اشتعال شدید گولہ بار ی ہوئی جب کہ موہڑہ دھروتی، بالاکوٹ، موہڑہ گھمب، اندرٹھ، اندرلہ ناڑاور اولی میں گولہ باری ہوئی ہے۔ البتہ ابھی تک کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی جب کہ پاک فوج کی جانب سے بھی بھارتی اشتعال انگیزی کا موثر جواب دیا جارہا ہے۔