ملک کی سرحدیں محفوظ چین بھی سمجھتا ہے کہ بھارت اب کمزور نہیں نریندر مودی کی قیادت میں عالمی سطح پر وقار بڑھا ہے

نیوز ڈیسک
لکھنؤ // مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے اتوار کے روز کہا کہ ملک کی سرحدیں محفوظ ہیں اور اب چین بھی سمجھنے لگا ہے کہ بھار ت اب کمزور نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بھارت ایک طاقتور ملک بن گیا ہے اور بین الاقوامی سطح پر بھی اس کا وقار بڑھ گیا ہے ۔ یہاں پر ایک عوامی اجتماع سے خطاب کر تے ہوئے انہوں نے ڈاکلام تنازعہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا” بھارت کی سرحدیں مکمل طور پر محفوظ ہیں اور چین بھی سمجھنے لگا ہے کہ بھارت اب کمزور ملک نہیں ۔ اس کی طاقت بڑھ گئی ہے “۔ انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ تنازعہ حل کر لیا گیا ہے ۔ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے پاکستان کی بھی زبر دست تنقید کی اور کہا ” وہ( پاکستان ) بھارت کو توڑنے کی کوشش کر رہا ہے لیکن ہماری سیکورٹی فورسز روزانہ 5سے 10ملی ٹینٹوں کو مار رہی ہیں “۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی مخصوص ذات کی طرف سے منعقد پروگرام میں شرکت کرنے کا مطلب ہر گز ووٹ کی سیاست کھیلنا نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا ” ہم صرف ووٹ کے لئے سیاست نہیں کرتے ۔ ہم سیاست سماج اور ملک کی تعمیر کے لئے کرتے ہیں “۔ راج ناتھ سنگھ ، جو لوک سبھا میں لکھنؤ حلقہ کی نمائندگی کر تے ہیں ، نے کہا کہ نریندر مودی نے عہدہ سنھالتے وقت واضح کر دیا تھا کہ ان کی حکومت غریب لوگوں کے لئے وقف ہو گی ۔ انہوں نے مختلف سکیموں ، جن میں جن دھن یو جنا ، اور اول یوجنا شامل ہیں ، کا ذکر کیا اور کہا کہ یہ تمام غریب لوگوں کی بہبودی کے لئے ہیں ۔ انہوں نے حکومت کی طرف سے صفائی مہم کی بھی ستائش کی اور کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ملک سے 2022تک غریبی کا خاتمہ کر نا چاہتے ہیں ۔