ممبر اسمبلی نور آباد کے قافلے پر حملہ پولیس اہلکار جاں بحق،شہر خاص میں گرینیڈ حملہ

اڑان نیوز
کولگام ،سرینگر//دمحال ہانجی پورہ کولگام میں جنگجوؤں نے ممبر اسمبلی نور آباد کے قافلے پر گوریلا طرز پر حملہ کرکے اند ھا دھند فائرنگ کی جسکے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار موقعے پر ہی جان بحق اور دیگر زخمی ہوئے ۔فوج وفورسز نے علاقے کا محاصرہ کرکے حملہ آؤروں کی تلاش شروع کردی ،جو حملے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو ئے ۔ادھر شہر خاص کے صفا کدل علاقے میں اُس وقت خوف ودہشت پھیل گئی ،جب یہاں نامعلوم افراد نے سی آر پی ایف کی ایک پارٹی پر ہتھ گولہ داغا ،جو پھٹنے سے رہ گیا ۔بعد ازاں بم ڈسپوزل اسکارڈ کو طلب کیا گیا ،جس نے ہتھ گولہ ناکارہ بنا دیا اور یہاں دوبارہ معمول کی سر گرمیاں بحال ہوئیں ۔نمائندے کے مطابق دمحال ہانجی پورہ کولگام میں نند مرگ کراسنگ کے نزدیک جنگجوؤں نے سنیچر کی سہ پہر پولیس کی ایک گاڑی پر گوریلا طرز کا حملہ کیا ۔غیر مصدقہ ذرائع کے مطابق یہ حملہ ممبر اسمبلی نور آباد عبدا لمجید پڈر کے قافلے پر ہوا،تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حملے سے پہلے ممبر اسمبلی کا قافلہ یہاں گزر چکا تھا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ممبر اسمبلی نے دنو کنڈی مرگ میں میڈیکل کیمپ کا افتتاح کیا ۔معلوم ہوا جائے حملہ سے آدھ کلو میٹر کی دوری پر ممبر اسمبلی ڈگری کالج دمحال ہانجی پورہ میں موجود تھے ،جس دوران یہ حملہ ہوا ۔ذرائع کے مطابق اس حملے میں مذکورہ ممبر اسمبلی کے قافلے کے اسکارڈ میں شامل پولیس کی 2 جپسیاں آئیں ،جو سڑک پر پلٹ گئیں جبکہ مسلح حملے کے نتیجے میں اس میں سوارخور شید احمد نامی پولیس اہلکار زخمی موقع پر ہی جاں بحق ہوا جبکہ اس حملے میں 2اہلکار شدید زخمی ہوئے ،جنہیں علاج ومعالجہ کےلئے اسپتال منتقل کیا گیا ۔معلوم ہوا ہے کہ اس حملے میں ممبر اسمبلی نور آباد بال بال بچ نکلے ۔قافلے پر مسلح حملہ انجام دےنے کے بعد جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہوئے ۔معلوم ہوا ہے کہ حملے کے فور اً فوج ،پولیس اور فورسز اہلکاروں نے علاقے کا محاصرہ کرکے حملہ آؤروں کی تلاش شروع کردی ۔فوری طور پر اس حملے کی ذمہ داری کسی عسکری تنظیم نے نہیں لی ۔آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں تلاشی کارروائیوں کا سلسلہ جاری تھا ۔ادھر شہر خاص کے براری پورہ صفاکدل میں نامعلوم افراد نے سی آر پی ایف کی پارٹی کو نشانہ بناتے ہوئے ہتھ گولہ داغا ۔معلوم ہوا ہے کہ ہتھ گولہ سی آر پی ایف کی گشتی پارٹی کے نزدیک جاگرا ،تاہم پھٹنے سے رہ گیا ۔فورسز نے پورے علاقے کو سیل کردیا اور حملہ آؤروں کی تلاش شروع کردی ۔ اس دوران پورے علاقے میں معمول کی سرگرمیاں متاثر ہوئیں جبکہ پولیس نے بم ڈسپوزل اسکارڈ کو طلب کیا ۔مذکورہ ٹیم نے جائزہ لینے کے بعد ہتھ گولہ ناکارہ بنایا اور اپنے ساتھ لئے ۔تاہم اس دوران یہاں ٹریفک کی نقل وحرکت متاثر ہو کر رہ گئی جبکہ کچھ دیر کےلئے دکانیں بھی بند ہوئی ۔بعد ازاں یہاں معمول کی سرگرمیاں دونارہ بحال ہوئیں ،تاہم سیکورٹی کو مزید چو کس کردیا گیا ۔