کولگام میں مسلح تصادم حزب المجاہدین کے 2 جنگجو ہلاک

 

اڑان نیوز
سری نگر// جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں پیر کی علی الصبح جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے مابین ہونے والے ایک مسلح تصادم میں حزب المجاہدین سے وابستہ دو جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا۔ مسلح تصادم کے دوران ایچ ایم کے ایک بالائی زمین ورکر کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ریاستی پولیس سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے بتایا کہ ضلع کولگام کے کھڈونی میں ایک مسلح تصادم میں حزب المجاہدین کے دو جنگجوؤں کو ہلاک اور ایک کو گرفتار کیا گیا۔ مسلح تصادم کے مقام سے دو ہتھیار برآمد کئے گئے ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مسلح تصادم شروع ہونے کے ساتھ ہی جنوبی کشمیر کے دو اضلاع کولگام اور اننت ناگ میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات معطل کردی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ موبائیل انٹرنیٹ خدمات کی معطلی کا اقدام کسی بھی طرح کی افواہ بازی کو روکنے کے لئے اٹھایا گیا ہے۔ وزارت دفاع کے ترجمان کرنل راجیش کالیا نے مسلح تصادم کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع کولگام کے کھڈونی میں جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فوج، جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقہ میں مشترکہ تلاشی آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے بتایا ’تلاشی آپریشن کے دوران جب سیکورٹی فورسز ایک مخصوص جگہ کی جانب پیش قدمی کررہے تھے تو وہاں موجود جنگجوؤں نے ان پر خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کی‘۔ دفاعی ترجمان نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے جوابی فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے مابین باضابطہ طور پر مسلح تصادم کا آغاز ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ گولہ باری کے تبادلے میں دو جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا۔ راجیش کالیا نے بتایا ’دونوں جنگجوؤں کی لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ مسلح تصادم کے مقام سے دو ہتھیار بھی برآمد کئے گئے‘۔ مارے گئے جنگجوؤں کی شناخت داؤد احمد اور سیار احمد کے بطور کی گئی۔ جبکہ گرفتار کئے گئے بالائی زمین ورکر کی شناخت عارف صوفی کے بطور کی گئی ہے۔