حزب المجاہدین کے ماڈیول کا پردہ فاش کرنے کا دعویٰ کپواڑہ میں 2 جنگجو، 2اعانت کار گرفتار، بڑی مقدار میں اسلحہ و گولی بارود بر آمد

اڑان نیوز
سری نگر//پولیس اور فوج نے حزب المجاہدین کے ایک نیٹ ورک کو بے نقاب کرتے ہوئے 2 جنگجوﺅں ،ان کے 2 اعانت کاروں کوگرفتار اور ان کی تحویل سے اسلحہ و گولی بارود برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔چاروں گرفتار شدگان کا تعلق اونتی پورہ سے ہے اور پولیس کا کہنا ہے کہ ہندوارہ سے حراست میں لئے گئے دو جنگجو ہتھیار حاصل کرنے کی غرض سے وہاں آئے تھے۔ پولیس نے دونوں جنگجوﺅں کو میڈیا کے سامنے بھی پیش کیا ۔ ڈی آ جی شمالی کشمیر نتیش کمار نے نامہ نگاروں کے سامنے تفاصیل بیان کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور فوج نے ہندوارہ میں چوگل کے مقام پر بٹھائے گئے ناکے پر عبید شفیع ملہ ولد محمد شفیع اور معراج الدین بٹ ولد گلزار احمد بٹ ساکنان اونتی پورہ ضلع پلوامہ کو گرفتار کرلیا۔انہوں نے کہا کہ جب دونوں کو روکنے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے بھاگنے کی کوشش کی تاہم سیکورٹی فورسز نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں کو دبوچ کر حراست میں لیا۔ڈی آئی جی شمالی کشمیر کے مطابق دونوں کی تلاشی لینے پر ان کی تحویل سے اسلحہ و گولی بارود کی بھاری مقدار برآمد کی گئی جس میں چینی ساخت کے دو پستول ، دو میگزین، گولیوں کے16راﺅنڈ، 4اے کے میگزین ،120اے کے راﺅنڈ اور4گرینیڈ شامل ہیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ دونوں حزب المجاہدین نامی جنگجو تنظیم کے سرگرم جنگجو ہیں جواپنے ساتھیوں سے اسلحہ حاصل کرنے کی غرض سے ہندوارہ آئے تھے اور یہ اسلحہ جنوبی کشمیر میں حزب جنگجوﺅں تک پہنچانا مقصود تھا۔